امریکہ نے پاکستان اور دیگر ممالک کی درخواست پر ایران کے خلاف ’پروجیکٹ فریڈم‘ کو مختصر مدت کے لیے معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک بیان میں کہا کہ باہمی طور پر اتفاق کیا گیا ہے کہ ناکہ بندی پوری قوت کے ساتھ برقرار رہے گی۔
امریکی صدر نے ابتدا میں آبنائے ہرمز میں ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا اور چند روز قبل بحری جہازوں کو وہاں سے نکالنے کے لیے ’پروجیکٹ فریڈم‘ شروع کرنے کا کہا۔
تاہم گذشتہ روز خطے میں ایک بار پھر کشیدگی دیکھی گئی جب آبنائے ہرمز میں ایران اور امریکہ کی جانب سے ایک دوسرے پر حملوں کے دعوے کیے گئے جبکہ اس دوارن متحدہ عرب امارات میں بھی تازہ ڈرونز اور میزائل حملے کیے گئے۔
اس سب کے بعد اب صدر ٹرمپ کی جانب سے ’پروجیکٹ فریڈم‘ کو معطل کرنے کا اعلان سامنے آیا ہے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’پاکستان اور دیگر ممالک کی درخواست پر ایران کے خلاف مہم کے دوران ہماری زبردست فوجی کامیابی، اور مزید یہ کہ ایران کے نمائندوں کے ساتھ ایک مکمل اور حتمی معاہدے کی جانب عظیم پیش رفت ہونے کے باعث، ہم نے باہمی طور پر اتفاق کیا ہے کہ اگرچہ ناکہ بندی پوری قوت اور اثر کے ساتھ برقرار رہے گی، لیکن پروجیکٹ فریڈم (آبنائے ہرمز کے ذریعے جہازوں کی آمدورفت) کو مختصر مدت کے لیے معطل کیا جائے گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ایسان اس لیے کیا جا رہا ہے ’تاکہ دیکھا جا سکے کہ آیا معاہدے کو حتمی شکل دے کر اس پر دستخط کیے جا سکتے ہیں یا نہیں۔‘
