خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے جمعے کو کہا کہ وہ اپنے صوبے میں ڈرون حملوں کے خلاف احتجاج کر سکتے ہیں کیونکہ ان حملوں کے نتیجے میں ’ضمنی جانی نقصان‘(collateral damage) ہو رہا ہے۔
سہیل آفریدی نے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں ان حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ عوام میں ’انتقام کے جذبات‘ کو جنم دے رہے ہیں اور دہشت گردی میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔
انہوں نے کہا یہ اجلاس ’مسلسل ڈرون حملوں‘ اور اس کے نتیجے میں ہونے والے ضمنی جانی نقصان کے باعث بلایا گیا ہے، جو خیبر پختونخوا کے لیے ’ایک وبال بن چکا ہے۔‘
اجلاس سے قبل جمعرات کو انہوں نے ایسے واقعات میں ہونے والے ضمنی جانی نقصان کو جرم قرار دینے کے لیے قانون سازی کا عندیہ دیا تھا۔
جمعرات کو انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ ڈرون حملوں کے خلاف ہفتے کو ایک جرگہ بلایا جائے گا۔
ڈرون حملے میں دو سکیورٹی اہلکار زخمی
جمعے کی رات افغانستان کی جانب سے ایک مشتبہ سرحد پار کواڈ کاپٹر حملے میں خیبر پختونخوا کے ضلع مہمند میں دو پاکستانی اہلکار زخمی ہو گئے۔
حکام کے مطابق کواڈ کاپٹر نے یکم مئی کی رات تقریباً ساڑھے نو بجے تحصیل بازئی میں ایک سکیورٹی پوسٹ کو نشانہ بنایا۔
واقعے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا۔
’افغان طالبان کے سرحد پار حملے ناقابل قبول‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ادھر پاکستان کے وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا کہ ’افغان طالبان کی جانب سے کے پی کے سرحدی اضلاع میں بے گناہ شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کے غیر انسانی اور پرتشدد سلسلے کو کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔‘
انہوں نے کہا یہ کارروائیاں ’ان کی انسانی جان کے بارے میں سنگدلانہ سوچ کی عکاسی کرتی ہیں۔‘
بیان کے مطابق ’ڈپٹی کمشنر باجوڑ کے کل کے پریس بیان کے مطابق صرف باجوڑ ضلعے میں ہی نو شہری، جن میں چھ معصوم بچے اور خواتین شامل ہیں، بلاجواز اور مجرمانہ طور پر افغان طالبان اور ان کے انڈین سرپرست فتنہ الخوارج کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں شہید ہوئے، جب کہ 12 افراد (جن میں سات خواتین اور ایک کم عمر بچہ شامل ہے) زخمی ہوئے۔‘
انہوں نے مزید لکھا ’آج بھی بدقسمتی سے تین شہری کرکٹ کھیلتے ہوئے فتنہ الخوارج کے بے باک اور شرمناک کواد کاپٹر حملے میں زخمی ہوئے۔‘
حکومت پاکستان کالعدم تحریک طالبان پاکستان کو فتنہ الخوارج پکارتی ہے۔
