ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی قیادت میں ایک ٹیم جمعے کی شب اسلام آباد آمد پہنچ گئی جہاں امریکہ سے مذاکرات کے دوسرے دور کا امکان ہے۔
پی ٹی وی کے مطابق امریکہ کی سکیورٹی اور لاجسٹک ٹیم پہلے ہی پاکستان میں موجود ہے۔
امریکی ٹیم نائب صدر جے ڈی وینس کے اس متوقع دورے سے قبل اسلام آباد پہنچی تھی، جسے 21 اپریل کو موخر کر دیا گیا تھا اور جس کے بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران سے جنگ بندی میں توسیع کا اعلان کیا تھا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس کے بعد سے امریکہ اور ایران میں مذاکرات کے دوسرے دور کے حوالے سے تو ابہام تھا، تاہم اسلام آباد میں حکام نے اسی طرح سکیورٹی اقدامات کر رکھے تھے، جیسے مذاکرات کے پہلے دور میں کیے گئے تھے۔
وائٹ ہاؤس نے بھی جمعے کو تصدیق کی ہے کہ امریکی صدر کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف اور داماد جیرڈ کشنر ہفتے کی صبح پاکستان کی ثالثی میں ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے ایک انٹرویو میں کہا: ’اگر ضرورت پڑی تو سب لوگ پاکستان جانے کے لیے تیار رہیں گے، لیکن سب سے پہلے سٹیو اور جیرڈ وہاں جا کر صدر، نائب صدر اور ٹیم کے دیگر ارکان کو صورت حال سے آگاہ کریں گے۔‘
