ہاکی: پاکستان کا انڈیا میں ایشین چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے سے انکار

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے بدھ کو ایشین ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) سے ایشین چیمپیئنز ٹرافی 2026 کا ٹورنامنٹ کسی نیوٹرل وینیو پر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

پی ایچ ایف کی پریس ریلیز کے مطابق فیڈریشن نے ٹورنامنٹ یا پھر پاکستان کے تمام میچ نیوٹرل وینیو پر کرانے کی باضابطہ درخواست کی ہے۔

پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی کے مطابق ’یہ درخواست پاکستان اور انڈیا کے درمیان موجودہ حساس دوطرفہ صورتحال اور سکیورٹی حالات کے پیش نظر کی گئی ہے۔‘

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

انہوں نے کہا ’قومی کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے محفوظ، باوقار اور سازگار ماحول کو یقینی بنانا ضروری ہے۔‘

’پاکستان ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت اور عالمی سطح پر ہاکی کے فروغ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ پاکستان انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن سے منسلک تمام ممالک، بشمول انڈیا، کے خلاف کھیلنے کے لیے تیار ہے۔‘

پی ایچ ایف صدر نے کھیلوں کو سیاست سے الگ رکھنے کے اصول پر بھی واضح مؤقف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کھیلوں کو سیاسی معاملات سے الگ رکھنے کے اصول پر مضبوطی سے قائم ہے۔‘

وانی نے امید ظاہر کی کہ ایشین ہاکی فیڈریشن نیوٹرل وینیو کے لیے پاکستان کی ’باوقار تجویز‘ پر مثبت غور کرے گی تاکہ ایشین چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کی مکمل اور بلا تعطل شرکت یقینی بنائی جا سکے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ٹورنامنٹ میں میزبان انڈیا، پاکستان، چین، جاپان، ملائیشیا اور جنوبی کوریا کی شرکت متوقع تھی۔

لیگ میچ جالندھر میں کھیلے جائیں گے جبکہ سیمی فائنل اور فائنل موہالی میں منعقد ہونا طے پائے ہیں۔

گذشتہ برس مئی میں پاکستان اور انڈیا کے درمیان ہونے والی فوجی کیشیدگی کے بعد دونوں ممالک ایک دوسرے کے ہاں کھیلوں کے مقابلوں میں شرکت نہیں کرتے۔ 

رواں برس انڈیا اور سری لنکا کی میزبانی میں منعقد ہونے والے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے انڈیا کی بجائے سری لنکا میں اپنے سارے میچ کھیلے تھے۔

اسی طرح سے 2025 میں پاکستان کی میزبانی میں منعقد ہونے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں انڈیا نے اپنے میچز نیوٹرل وینیو دبئی میں کھیلے میں تھے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *