بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں پولیس نے بدھ کو ایک بیان میں بتایا کہ روزگار کا جھانسہ دے کر پنجاب سے بلائے گئے اور مبینہ طور پر یرغمال بنائے گئے 12 افراد کو ایک کارروائی میں بازیاب کرا لیا گیا۔
بیان کے مطابق پولیس نے ان افراد کو یرغمال بنانے کے الزام میں تین ملزمان کو گرفتار جبکہ پانچ گاڑیاں بھی تحویل میں لے لیں۔
گرفتار ملزمان کا تعلق آواران اور پنجگور سے ہے۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا کہ متاثرہ افراد کو روزگار فراہم کرنے کا جھانسہ دے کر پنجاب کے مختلف علاقوں سے گوادر بلایا گیا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
بعد ازاں ملزمان انہیں ایک بنگلے میں قید کر کے ان کے اہل خانہ سے مزید رقم منگوانے کے لیے دباؤ ڈالتے رہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے یرغمالیوں سے پہلے ہی لاکھوں روپے وصول کیے تھے۔
بازیاب افراد کا تعلق لاہور، سرگودھا اور صوبے کے دیگر علاقوں سے ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان انسانی سمگلنگ میں ملوث ہیں۔
عدالت سے ملزمان کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے علاوہ مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے واقعے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
