پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے امجد حسین ایڈوکیٹ وزارت اعلیٰ کے انتخابات میں گلگت بلتستان کے بلا مقابلہ وزیراعلیٰ منتخب ہوئے ہیں، جو ’عوامی مزاج‘ رکھنے والے سیاست دان کے طور پر مشہور اور فٹ بال اور ماہی گیری کے شوقین ہیں۔
امجد حسین نے گلگت کے حلقہ ون سے حالیہ عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی تھی اور اس کے بعد تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے ان کے مقابلے میں کسی نے وزیراعلیٰ کے انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کروائے تھے۔
امجد حسین ایڈوکیٹ کون ہیں؟
امجد حسین گلگت کے علاقے امپھری میں 1975 میں پیدا ہوئے تھے اور ان کا تعلق گلگت کے معروف سیاسی خاندان سے ہے۔
پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے امان بونجوی نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ امجد حسین نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ پرائمری سکول نمبر 1 گلگت اور ایف ایس سی پبلک سکول جوٹیال گلگت سے حاصل کی ہے۔
اس کے بعد انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے قانون کی ڈگری حاصل کی اور وکالت کے شعبے میں قدم رکھا۔
وہ بعد میں گلگت بار ایسوسی ایشن کے صدر اور پیپلز لائرز فورم کے سربراہ بھی منتخب ہوئے تھے جبکہ سپریم ایپلیٹ کورٹ کے سینیئر وکیل بھی ہیں۔
سیاسی کیریئر کا آغاز
امجد حسین کے والد مرحوم آذر خان پیپلز پارٹی گلگت کے معروف رہنما اور پارٹی کے چیئرمین رہ چکے تھے۔
امجد حسین نے سیاسی کیریئر کا آغاز 1996 میں زمانۂ طالب علمی میں پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن سے کیا تھا اور بعد میں وہ فیڈریشن کے ضلعی صدر بنے تھے۔ تب ہی انہوں نے سیاست میں عملی قدم رکھ دیا تھا۔
وہ 2010 سے 2015 تک گلگت بلتستان کونسل کے رکن بھی رہے ہیں۔ گلگت بلتستان کونسل کو گلگت بلتستان اسمبلی کا ایک اپر ہاؤس سمجھا جاتا ہے، جس کے سربراہ وزیر اعظم پاکستان ہوتے ہیں اور گلگت بلتستان کے حوالے سے اہم فیصلوں میں اس کونسل کا کردار ہوتا ہے۔
پیپلز پارٹی کے صوبائی ترجمان امان بونجوی کے مطابق 2016 میں جب پی پی پی کو گلگت بلتستان میں چیلنجز کا سامنا تھا تو امجد حسین کو صدر مقرر کیا گیا، جس کی بدولت گلگت بلتستان میں پارٹی کی سیاسی حیثیت مستحکم ہو گئی۔
امان کے مطابق امجد حسین نے 2020 میں گلگت بلتستان کے عام انتخابات میں حصہ لیا تھا اور دو حلقوں سے کامیابی حاصل کی تھی، جو ایک منفرد سیاسی ریکارڈ ہے۔ 2023 تک گلگت بلتستان میں وہ بطور اپوزیشن لیڈر کام کرتے رہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے بتایا: ’امجد حسین فٹ بال اور ماہی گیری کے شوقین ہیں اور عوامی مزاج رکھنے والے سیاست دان ہیں۔ ‘
شبیر میر گلگت بلتستان کے سینیئر صحافی ہیں اور امجد حسین کے کلاس فیلو رہ چکے ہیں۔
انہوں نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ امجد حسین ان رہنماؤں میں شامل تھے، جنہوں نے ’حقِ ملکیت‘ تحریک چلائی تھی، جو گلگت بلتستان کی زمین کی ملکیت کے حوالے سے ہے۔
شبیر میر نے بتایا: ’کسی زمانے میں گلگت بلتستان میں زمینوں کی ملکیت سرکار کے پاس تھی اور امجد حسین نے دیگر لوگوں کے ساتھ مل کر تحریک چلائی تھی اور قانون سازی کے بعد گلگت بلتستان کے لوگوں کو زمین کی ملکیت کا حق دیا گیا تھا۔ ‘
شبیر میر نے بتایا کہ ان کے والد بھی منجھے ہوئے سیاست دان تھے، جنہوں نے سیاست اپنے ہی علاقے میں کی۔ بعدازاں امجد حسین نے بھی گلگت بلتستان میں ہی سیاسی کیریئر کا آغاز کیا اور آج وہ وزیر اعلیٰ کے منصب پر فائز ہو گئے۔
