انڈیا کے وراٹ کوہلی نے اتوار کو ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں 15 ہزار رنز مکمل کر لیے اور وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے سچن تندولکر کے بعد دنیا کے صرف دوسرے بلے باز ہیں۔
37 سالہ کوہلی نے کیرالا کے شہر ترواننت پورم میں ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں چوکا لگا کر یہ اعزاز حاصل کیا اور تندولکر کے مقابلے میں 74 اننگز پہلے یہ کارنامہ انجام دیا۔
کوہلی نے اپنی 303ویں ایک روزہ اننگز میں 15 ہزار رنز مکمل کیے جبکہ اپنے شاندار کیریئر میں 18 ہزار 426 رنز بنانے والے تندولکر نے اس مقام تک پہنچنے کے لیے 377 اننگز کھیلیں۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
سری لنکا کے سابق عظیم بلے باز کمار سنگاکارا 14 ہزار 234 رنز کے ساتھ ایک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کوہلی نے، جو ٹیسٹ اور ٹی20 بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد اب صرف 50 اوورز کی کرکٹ کھیلتے ہیں، ہفتے کو ’جیو سٹار‘ کو بتایا تھا کہ 2027 کا ورلڈ کپ اس بڑے ٹورنامنٹ میں ان کی آخری شرکت ہوگی۔
وہ مہندر سنگھ دھونی کی قیادت میں 2011 کا ورلڈ کپ جیتنے والی انڈین ٹیم کا بھی حصہ تھے۔
کوہلی اور 39 سالہ روہت شرما نے 2024 کا ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد مختصر ترین فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لے لی تھی۔
اس سے ایک سال قبل دونوں کھلاڑی انڈیا میں ہونے والے ایک روزہ ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کھانے والی ٹیم میں شامل تھے۔
