پاکستان نے ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ میں ایک ٹاور پر حوثی ملیشیا کے حملے کی دوٹوک الفاظ میں اور شدید مذمت کی ہے۔
پاکستان کی وزارت خارجہ نے جمعے کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے کیا جانے والا یہ حملہ مملکت سعودی عرب کی خودمختاری کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
سعودی سول ڈیفنس کے مطابق جمعرات کو حوثیوں نے ریاض میں کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے ایک ٹاور کو نشانہ بنایا جس سے عمارت کو نقصان پہنچا ہے۔
سول ڈیفنس کی جانب سے ایکس پر جاری بیان کے مطابق حملے کے بعد ٹیمیں فوری موقع پر پہنچ گئیں جہاں ٹاور کی کئی منزلوں اور ملحقہ عمارتوں کو نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
بیان میں کہا گیا کہ ’شہری بنیادی ڈھانچے اور اقتصادی تنصیبات کو مسلسل نشانہ بنانا بے گناہ انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہے اور علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خدشات پیدا کرتا ہے۔
’اس طرح کے قابل مذمت حملوں کا فوری طور پر خاتمہ ہونا چاہیے۔‘
پاکستان نے حکومت اور سعودی عرب کے عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سعودی عرب کے اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع اور اپنے شہریوں اور مقیم افراد کے تحفظ کے جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’وہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے قیام کے لیے اپنی تمام تر کوششیں جاری رکھے گا۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
دوسری جانب سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں ریاض میں شہری اور اقتصادی تنصیبات اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے حوثی حملوں کے تسلسل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ملیشیا خطے اور دنیا کی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔
وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ’مملکت اپنی خودمختاری کے دفاع، قومی اثاثوں کے تحفظ اور اپنے شہریوں اور مقیم افراد کی سلامتی و تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کے اپنے مکمل اور جائز حق پر زور دیتی ہے۔
’بین الاقوامی قانون کے اصولوں کے مطابق اپنی سرزمین یا اثاثوں کے خلاف کسی بھی جارحیت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘
سعودی عرب نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ارکان سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری کریں، سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں اور سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں کی مذمت کریں۔
