کشمیر کے نئے منتخب وزیر اعظم افتخار گیلانی کون ہیں؟

کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے جعمے کو منتخب ہونے والے نئے قائد ایوان بیرسٹر سید افتخار گیلانی کا تعلق مظفرآباد کے ایک معروف سیاسی خاندان سے ہے۔

انہوں نے پیپلز پارٹی کے سردار مختار احمد عباسی کو شکست دی، جنہوں نے اس اعلیٰ عہدے کے انتخاب میں 14 ووٹ حاصل کیے۔ جموں و کشمیر اسمبلی کے 53 ارکان ہیں، تاہم پونچھ اور سدھنوتی اضلاع کی سات نشستوں پر ابھی انتخابات نہ ہونے کے باعث ایوان کی موجودہ تعداد 46 ہے۔

مسلم لیگ ن اس وقت اپنے اتحادیوں سمیت 32 ارکان کی حمایت رکھتی ہے، جبکہ پیپلز پارٹی کے اسمبلی میں 14 ارکان ہیں۔

بیرسٹر سید افتخار گیلانی 27 جولائی 1980 میں پیدا ہوئے اور ابتدائی تعلیم اسلام آباد سے حاصل کی، جبکہ اعلیٰ تعلیم کے لیے لندن کا رخ کیا۔ برطانیہ کے ایک معتبر تعلیمی ادارے سے قانون کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد بار ایٹ لا کی ڈگری مکمل کی اور وطن واپس آ گئے۔

واپسی کے بعد تقریباً 10 سال تک اسلام آباد میں وکالت کے شعبے سے وابستہ رہے۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں پاکستان مسلم لیگ ن کے قیام کے وقت ان کا خاندان جماعت کے بانی اور ابتدائی ساتھیوں میں شمار ہوتا تھا۔ بیرسٹر سید افتخار گیلانی نے 2011 کے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے حصہ لیا اور کامیابی حاصل کر کے پہلی مرتبہ رکن قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے۔

اس وقت کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت قائم تھی، جبکہ انتخابات میں ان کے مدِمقابل امیدواروں کو پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم کانفرنس کے انتخابی اتحاد کا سامنا تھا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

2016 کے عام انتخابات میں بیرسٹر سید افتخار گیلانی نے ایک مرتبہ پھر پاکستان مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی اور دوسری مرتبہ رکن قانون ساز اسمبلی منتخب ہوئے۔ انہوں نے اپنے مدِمقابل امیدوار خواجہ فاروق احمد کو واضح اور بڑی برتری سے شکست دی۔

بطور وزیر تعلیم، بیرسٹر سید افتخار گیلانی نے محکمہ تعلیم میں متعدد اہم اصلاحات متعارف کرائیں۔ ان کے دور میں نیشنل ٹیسٹنگ سروس (NTS) کے ذریعے بھرتیوں کا نظام متعارف کرایا گیا، جس سے محکمہ تعلیم میں میرٹ اور شفافیت کو فروغ ملا۔ اس کے علاوہ تعلیمی معیار بہتر بنانے، اساتذہ کی اہلیت میں اضافے اور محکمہ تعلیم میں دیگر ضروری اصلاحات کے لیے بھی اقدامات کیے گئے۔

بیرسٹر سید افتخار گیلانی ایک نوجوان، تعلیم یافتہ اور تجربہ کار سیاسی رہنما ہیں، جنہوں نے قانون، تعلیم اور سیاست کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا عملی اظہار کیا ہے۔ آزاد کشمیر میں انہیں مستقبل میں جو بھی ذمہ داری سونپی جائے گی، وہ اپنی سیاسی بصیرت، تعلیمی قابلیت اور انتظامی تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے اسے بھرپور انداز میں نبھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *