کراچی سے انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر گرفتار: سی ٹی ڈی

کراچی پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کالعدم ’دہشت گرد‘ تنظیم سے وابستہ انتہائی مطلوب عسکریت پسند کو گرفتار کرنے کا اعلان کیا ہے۔

سی ٹی ڈی نے جمعے کو ایک بیان میں کہا کہ یہ بڑی کارروائی کراچی کے سول حساس ادارے کے ہمراہ کی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ گرفتار کیے گئے ’ٹارگٹ کلر‘ سید محمد عسکری عابدی کا تعلق کالعدم دہشت گردی تنظیم سپاہ محمد سے ہے، جن کے قبضے سے ایک عدد ہینڈ گرنیڈ اور ایک عدد کلاشنکوف بھی برآمد کی گئی۔

سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ ’گرفتار دہشت گرد کا نام سی ٹی ڈی کی ریڈ بک ایڈیشن 10 کے انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل تھا‘ اور وہ طویل عرصے سے روپوش تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ ’دہشت گرد کراچی میں دوبارہ اپنا نیٹ ورک منظم کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

پولیس نے کہا کہ ابتدائی تفتیش میں محمد عسکری نے ’دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کی مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کے انکشافات کیے ہیں۔‘

بیان میں کہا گیا کہ ملزم نے اپنے دیگر ’دہشت گرد ساتھیوں‘ کے ہمراہ مختلف وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ ’وہ اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پہلے ریکی کرتا اور پھر نشانہ بناتا تھا۔‘

مزید کہا گیا کہ ’گرفتار دہشت گرد کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں ٹارگٹ کلنگ کے مقدمات درج ہیں‘ اور اس کے دیگر ساتھیوں اور نیٹ ورک تک رسائی کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

سی ٹی ڈی اور وفاقی سول حساس ادارے کی جانب سے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائیاں جاری ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *