وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) امیگریشن نے اتوار کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر کارروائی کرتے ہوئے جعلی ڈرائیونگ لائسنس کے ذریعے سعودی عرب جانے کی کوشش کرنے والے ایک مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔
مسافر کو مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے معاملہ ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (اے ایچ ٹی سی) کراچی کے سپرد کر دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق مسافر ورک ویزا اور پروٹیکٹر کلیئرنس کے ساتھ بطور ڈرائیور سعودی عرب جا رہا تھا، تاہم امیگریشن کلیئرنس کے دوران پیش کردہ ڈرائیونگ لائسنس مشکوک پایا گیا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ترجمان نے بتایا کہ لائسنس پر درج شناختی کارڈ نمبر مسافر کے اصل شناختی کارڈ نمبر سے مطابقت نہیں رکھتا تھا، جبکہ کیو آر کوڈ اسکین کرنے پر کسی نامعلوم شخص کی تفصیلات سامنے آئیں، جس سے دستاویز کے جعلی ہونے کا شبہ مزید مضبوط ہو گیا۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران مسافر نے انکشاف کیا کہ اس نے کبھی کسی ڈرائیونگ لائسنس دفتر سے رجوع نہیں کیا تھا اور مذکورہ لائسنس راولپنڈی کے رہائشی ایک ایجنٹ ’سید امیر شاہ نے معاوضے کے عوض تیار کروا کر دیا تھا۔‘
ترجمان کے مطابق مسافر نے مزید بتایا کہ اس کا سعودی عرب کا ورک ویزا ’ایک اور ایجنٹ عمیر کے ذریعے حاصل کیا گیا تھا،‘ جبکہ پروٹیکٹر کلیئرنس ایم/ایس کلیم اللہ انٹرنیشنل اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے ذریعے حاصل کی گئی تھی۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ جعلی دستاویزات کے استعمال اور مشکوک حالات کے پیش نظر مسافر کو آف لوڈ کر دیا گیا ہے۔
