ڈور ہینڈلز کے مسئلے پر ٹیسلا نے چین سے تقریباً 30 لاکھ گاڑیاں واپس منگوا لیں

چین میں حکام نے جمعے کو اعلان کیا ہے کہ ٹیسلا اور ملک کی کئی مقامی گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں نے 40 لاکھ سے زائد گاڑیاں واپس منگوانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

ان گاڑیوں میں زیادہ تر وہ ماڈلز شامل ہیں جن کے دروازوں کے ہینڈلز سے متعلق حفاظتی خدشات سامنے آئے ہیں۔

چینی ادارے سٹیٹ ایڈمنسٹریشن فار مارکیٹ ریگولیشن کے مطابق امریکی کمپنی ٹیسلا کی تقریباً 29 لاکھ 80 ہزار درآمد شدہ اور مقامی طور پر تیار کردہ الیکٹرک گاڑیاں اس اقدام سے متاثر ہوں گی۔ ان میں ٹیسلا کے ماڈل تھری، ماڈل وائی، ماڈل ایکس اور ماڈل ایس شامل ہیں۔

مقامی میڈیا کے مطابق یہ رواں سال گاڑیوں کی واپسی کا سب سے بڑا اقدام ہے۔ یہ فیصلہ فروری میں حکام کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں اگلے سال سے گاڑیوں میں چھپے ہوئے دروازوں کے ہینڈلز کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ ایسے ہینڈلز ٹیسلا سمیت کئی چینی الیکٹرک گاڑیوں میں عام ہیں۔

چین میں حالیہ عرصے کے دوران چھپے ہوئے یا گاڑی کی سطح کے ساتھ جڑے ہینڈلز کی نگرانی میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کی وجہ چین اور دیگر ممالک میں پیش آنے والے ایسے حادثات ہیں جن میں گاڑیوں کے الیکٹرانک دروازے کھلنے میں ناکام رہے اور لوگ گاڑیوں کے اندر پھنس گئے۔

چینی ریگولیٹری ادارے کی ویب سائٹ پر جاری نوٹس میں کہا گیا کہ ان گاڑیوں میں حفاظتی خطرات موجود ہیں۔ نوٹس کے مطابق شدید حادثے کی صورت میں، جس کے نتیجے میں گاڑی کا برقی نظام ناکام ہو جائے، دروازوں کے ہینڈلز مسافروں کے لیے گاڑی سے فوری طور پر باہر نکلنے میں رکاوٹ بن سکتے ہیں یا امدادی کارکنوں کو باہر سے گاڑی کے اندر داخل ہونے سے روک سکتے ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نوٹس میں مزید کہا گیا کہ ٹیسلا خطرات کو کم کرنے کے لیے متاثرہ گاڑیوں میں سافٹ ویئر اپ ڈیٹس کرے گی۔ ٹیسلا نے جمعے کو اس معاملے پر تبصرے کی درخواست کا فوری جواب نہیں دیا۔

چین کی ٹیکنالوجی کمپنی ژیاؤمی بھی تین لاکھ 90 ہزار سے زائد گاڑیاں واپس منگوا رہی ہے، جبکہ ہانگژو میں قائم کمپنی لیپ موٹر تین لاکھ 70 ہزار سے زائد گاڑیاں واپس منگوا رہی ہے۔ دیگر چینی کار ساز ادارے، جن میں جیلی اور ایکس پینگ بھی شامل ہیں، بھی اپنی کچھ گاڑیاں واپس منگوا رہے ہیں۔

ان تمام معاملات میں گاڑیاں واپس منگوانے کی وجوہات تقریباً ایک جیسی ہیں اور زیادہ تر دروازوں کے ہینڈلز سے متعلق مسائل ہیں۔

چین کی حکمران کمیونسٹ پارٹی کے سرکاری اخبار پیپلز ڈیلی میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق بڑے پیمانے پر گاڑیوں کی واپسی کا مقصد 2027 میں چھپے ہوئے دروازوں کے ہینڈلز پر پابندی کے نفاذ سے قبل موجودہ گاڑیوں کے ماڈلز میں ’حفاظتی بہتری‘ لانا ہے۔

اخبار نے کہا کہ تیزی سے ترقی کرتی ہوئی نئی توانائی کی گاڑیوں کی صنعت میں مقابلے کا معیار صرف ٹیکنالوجی میں جدت کی رفتار نہیں ہونا چاہیے بلکہ گاڑیوں کی حفاظت کے لیے مقرر کیے گئے اعلیٰ معیار بھی اس کا حصہ ہونے چاہییں


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *