پنجاب: آٹے اور گندم کی قیمتوں میں اضافے سے روٹی مہنگی

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث روٹی مہنگی ہوتی جا رہی ہے۔

پاکستان کے دیگر صوبوں کی طرح پنجاب میں بھی گندم، آٹے اور چینی کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

گذشتہ برس حکومت نے کاشت کاروں سے گندم نہیں خریدی تھی۔ تاہم اس سال پنجاب حکومت نے 11 نجی کمپنیوں کے ذریعے 3,500 روپے فی من کے حساب سے گندم خریدنے کا اعلان کیا ہے۔

نان بائی ایسوسی ایشن پنجاب کے صدر آفتاب گل نے کہا ہے کہ گندم کی قیمت 4,500 روپے فی من تک پہنچ چکی ہے جبکہ 15 کلو آٹے کا تھیلا 2,000 روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کے مطابق ایل پی جی 400 روپے فی کلو فروخت ہو رہی ہے اور گیس کی لوڈشیڈنگ بھی جاری ہے، ایسے حالات میں سرکاری نرخ 14 روپے فی روٹی پر فروخت ممکن نہیں۔

انہوں نے بتایا اس وقت روٹی 17 سے 20 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔ تاہم نان بائی 25 روپے فی روٹی قیمت مقرر کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اس حوالے سے آٹھ روز کی مہلت دی گئی ہے، بصورت دیگر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

دوسری جانب محکمہ خوراک کے حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر سرکاری گندم مارکیٹ میں فراہم کی جائے گی۔

فلور ملوں کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ اخراجات کے مطابق آٹے کی قیمت کم سے کم رکھی جائے جبکہ گندم اور آٹے کی سپلائی کے اخراجات پر قابو پانے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *