پاکستان اور ایران کے درمیان اہم تجارتی مذاکرات کل ہوں گے

پاکستان کی وزارت تجارت چار اگست کو اسلام آباد میں دسویں ’پاکستان-ایران جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی‘ (جے ٹی سی) کے اجلاس کی میزبانی کرے گی، جس کا مقصد دونوں پڑوسی ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔

پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) کے ایک بیان کے مطابق اجلاس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان اور ایرانی وزیر برائے صنعت، کان کنی و تجارت محمد اتابک کریں گے جبکہ سپیشل سیکریٹری تجارت سید حامد علی اور دونوں جانب کے سینیئر حکام اس میں شرکت کریں گے۔

اجلاس میں ایرانی حکام پر مشتمل 22 رکنی اعلیٰ سطح کا وفد اور ’ایران چیمبر آف کامرس، انڈسٹریز، مائنز اینڈ ایگریکلچر‘ (آئی سی سی آئی ایم اے) کی قیادت میں 16 رکنی کاروباری وفد بھی شرکت کرے گا۔

بیان کے مطابق کاروباری وفد خوراک، زرعی کاروبار (ایگری بزنس)، لاجسٹکس، شپنگ، ٹرانسپورٹیشن، توانائی اور مینوفیکچرنگ سمیت اہم شعبوں کی نمائندگی کرتا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان نجی شعبے کے تعاون اور کاروباری روابط کو بڑھانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان میں مزید کہا گیا کہ جوائنٹ ٹریڈ کمیٹی دوطرفہ تجارتی اقدامات پر پیش رفت کا جائزہ لے گی اور پاکستان – ایران آزادانہ تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے) کو آگے بڑھانے، سرحد پار تجارت میں سہولت کاری، کسٹمز اور بینکنگ تعاون کو مضبوط بنانے، ٹرانسپورٹ و ٹرانزٹ کنیکٹیوٹی کو بہتر بنانے اور سرمایہ کاری و تجارتی تعاون کو وسعت دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کرے گی۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ یہ اجلاس پاکستان اور ایران کے اپنے اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے، علاقائی کنیکٹیوٹی کو فروغ دینے اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

یہ بات چیت ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کم ہونے کے آثار دکھائی دے رہے ہیں۔

قطر، اردن، ترکی اور پاکستان سمیت علاقائی ممالک کی جانب سے کشیدگی میں کمی اور سفارت کاری کی طرف لوٹنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *