پاکستان افغان عبوری حکومت کو تسلیم نہیں کرتا، ای سی او فورم پر افغانستان کی نمائندگی نہیں: اسحاق ڈار

پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پیر کو کہا ہے کہ پاکستان افغان عبوری حکومت کو تسلیم نہیں کرتا اور اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے حالیہ فورم پر افغانستان کی نمائندگی بھی نہیں تھی۔

ای سی او اجلاس کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ تنظیم میں افغانستان کی رکنیت معطل ہے اور اجلاس میں افغان نمائندگی اور افغانستان کے پرچم کے حوالے سے پاکستان نے اپنا موقف واضح کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سرحد بند ہونے کے باوجود انسانی بنیادوں پر ایک ہزار کنٹینرز افغانستان جانے کی اجازت دی۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان افغانستان میں اس کے خلاف سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور تمام دیگر دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کرتا ہے۔

ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے حوالے سے نائب وزیراعظم نے کہا کہ وہ اس معاملے پر چار اجلاس کر چکے ہیں اور آج ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کم کرانے اور جنگ بندی کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ ایک فریق ملک (امریکہ) میں انتخابات ہو رہے تھے جو اب مکمل ہو چکے ہیں اور پاکستان کو امید ہے کہ اب اس (جنگ بندی کے) حوالے سے مثبت اشارے ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ تنازعات کا حل طاقت کے استعمال کے بجائے سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے نکالا جانا چاہیے۔

ای سی او کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان نے 2026 اور 2027 کے لیے تنظیم کی سربراہی سنبھال لی ہے اور وہ ای سی او کے چارٹر پر مکمل عمل درآمد کے لیے پرعزم ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس سے قبل اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ پاکستان ایک پُرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے، ایسا افغانستان جو اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے فریم ورک میں مکمل طور پر ضم ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ ای سی او کے پلیٹ فارم کے تحت بامعنی علاقائی تعاون، تجارت اور اقتصادی روابط کا فروغ اس بات سے مشروط ہے کہ افغان حکام پڑوسی ممالک کے سکیورٹی تحفظات دور کریں۔

اسحاق ڈار نے اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ ’پاکستان ایک پُرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے، جو اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے فریم ورک میں مکمل طور پر ضم ہو اور اپنے ساتھ ساتھ اپنے تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ بھی امن سے رہے۔ ایسا نتیجہ نہ صرف افغان عوام بلکہ پورے خطے کے مفاد میں ہوگا، کیونکہ اس سے تجارت، راہداری اور اقتصادی تعاون کے اہم مواقع کھلیں گے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’اس کے ساتھ ساتھ، بامعنی پیش رفت کے لیے ضروری ہے کہ افغان حکام پڑوسی ممالک کے جائز سکیورٹی خدشات، بالخصوص دہشت گردی کے خطرے، کو دور کریں۔ پائیدار علاقائی اقتصادی شراکت داریوں کے لیے ایک محفوظ اور مستحکم ماحول انتہائی ضروری ہے۔ یہ پہلو ہمارے وسیع تر علاقائی رابطوں کے ایجنڈے میں مرکزی اہمیت رکھتے ہیں۔‘

پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے اپنے خطاب میں کہا کہ جنوبی، وسطیٰ اور مغربی ایشیا کے سنگم پر واقع خطے کو اپنی جغرافیائی اہمیت کو مضبوط اقتصادی روابط اور مشترکہ خوشحالی میں تبدیل کرنا ہو گا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *