وزیراعظم کا مکہ دفاعی اتحاد کے لیے پاکستان کی مضبوط وابستگی کا اعادہ

وزیراعظم شہباز شریف نے جمعے کو مکہ دفاعی اتحاد کے لیے مضبوط وابستگی کا اعادہ کرتے ہوئے معاہدے کی شقوں کے مطابق پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کی جانب سے اپنی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کے لیے مضبوط اتحاد اور پختہ عزم کا خیرمقدم کیا۔

پاکستان، سعودی عرب اور ترکی نے جمعے کو اسلام آباد میں مکہ دفاعی معاہدے کے تحت سٹریٹیجک، پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی (ایس پی ڈی سی) کے اجلاس میں حوثیوں کے حملوں کے خلاف ریاض کے دفاع میں مدد کے لیے اپنی کوششیں تیز کرنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

مذاکرات کے اختتام پر جاری مشترکہ اعلامیے میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکی نے علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر زور دیا اور مکہ معاہدے کے اصولوں اور مقاصد، بشمول اجتماعی دفاع، باہمی یکجہتی اور ہر فریق کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے احترام کے لیے اپنے عزم کی توثیق کی۔

تینوں ملکوں نے ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی جنگ کے باعث خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے ماحول میں رواں سال سات اگست کو مکہ مکرمہ میں مشترکہ دفاع کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔ اس معاہدے کے تحت کسی ایک ملک پر حمہ دوسرے پر حملہ تصور ہو گا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے ایکس پر جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف  نے جمعے کو مکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اسلام آباد میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کرنے والے سعودی عرب اور ترکی کے اعلیٰ سطح کے وفود سے ملاقات میں کمیٹی کے نتائج پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ 

سعودی عرب کے اعلیٰ سطح کے وفد میں وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز، وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان اور مسلح افواج کے چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی شامل تھے۔

جبکہ ترکی کے اعلیٰ سطح کے وفد میں وزیر خارجہ ہاکان فیدان، وزیر قومی دفاع یاشار گولر اور چیف آف جنرل سٹاف جنرل سلجوق بائراکتار اوغلو شامل تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے برادر ملک سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے اس کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سکیورٹی کے لیے مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

ملاقات کے دوران تینوں فریقوں نے خطے کی تازہ ترین صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے لیے مل کر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، چیف آف آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل محمد عاصم ملک شامل تھے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *