واشنگٹن: فائرنگ سے ایک شخص کی موت، چار زخمی

امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے مرکزی علاقے لوگن سرکل (Logan Circle) میں جمعرات کی صبح پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے میں ایک شخص جان سے گیا اور چار زخمی ہو گئے۔

جبکہ مبینہ حملہ آور نے قریبی رہائشی عمارت میں محصور ہونے کے بعد خود کو گولی مار کر اپنی جان لے لی۔

میٹروپولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کے قائم مقام سربراہ جیفری کیرول کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ وائٹ ہاؤس سے تقریباً ایک میل شمال میں واقع ایک مصروف علاقے میں پیش آیا۔

 پولیس سربراہ نے بتایا کہ حملہ آور کا اپنی رہائشی عمارت کی ہوم اونرز ایسوسی ایشن (HOA) کے ساتھ تنازع چل رہا تھا۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

قانون نافذ کرنے والے ایک اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ مشتبہ شخص نے صبح تقریباً 8 بجے ‘ویڈا فٹنس سینٹر’ (VIDA Fitness Center) کے اندر کم از کم ایک شخص کو گولی ماری اور پھر باہر نکل کر دوبارہ فائرنگ کی۔

 اس کے بعد حملہ آور نے قریبی عمارت کی پارکنگ گیراج کی لفٹ میں ایک اور شخص کو نشانہ بنایا اور ساتویں منزل پر واقع اپنے اپارٹمنٹ میں جا کر خود کو بند کر لیا۔

عینی شاہدین کے بیانات

 فٹنس سینٹر میں موجود ایک عینی شاہد جیمز سپیلمین نے بتایا کہ فائرنگ کے وقت جم میں تقریباً 50 افراد موجود تھے۔

 ان کے مطابق ’چند ہی سیکنڈز میں ایک شخص زمین پر گر پڑا اور ہر طرف خون پھیل گیا۔

 ’ایک رکن اس کی مدد کے لیے دوڑا، لیکن گلے میں گولی لگنے کی وجہ سے وہ موقع پر ہی دم توڑ چکا تھا۔‘

سپیلمین نے مزید بتایا کہ جم کے اندر دو اور باہر پانچ سے چھ گولیاں چلنے کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد لوگ جان بچانے کے لیے باہر کی طرف بھاگے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

قریبی اپارٹمنٹ میں موجود ایک اور رہائشی ریان ڈوبیکی نے بتایا کہ پہلے انہیں دھماکوں کی آوازیں تعمیراتی کام کا شور محسوس ہوئیں، لیکن کچھ ہی دیر میں پورا علاقہ پولیس سے بھر گیا۔

واقعے کے فوری بعد سوات (SWAT) ٹیموں اور بھاری پولیس نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، سنائپرز عمارت کی چھتوں پر تعینات کر دیے گئے اور قریبی سکولوں میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔

تحقیقات میں مقامی پولیس کی مدد کے لیے ایف بی آئی (FBI) اور بیورو آف الکوحل، تمباکو، فائر آرمز اینڈ ایکسپلوزوز (ATF) کی ٹیمیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

لوگن سرکل کے اس علاقے میں اس سے قبل اگست 2025 میں بھی تشدد کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے محکمہ برائے حکومتی کارکردگی (DOGE) کے ایک سابق رکن پر کار چھیننے کی کوشش کے دوران حملہ کیا گیا تھا۔

اس واقعے کے چند روز بعد صدر ٹرمپ نے شہر کا کنٹرول براہ راست وفاقی تحویل میں لے کر جرائم پر قابو پانے کے لیے نیشنل گارڈ کے سینکڑوں اہلکار تعینات کر دیے تھے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *