نیوزی لینڈ فوج کے سربراہ ‘نامناسب تعلقات’ کے باعث مستعفی

نیوزی لینڈ کی فوج نے جمعے کو بتایا کے فورس کے سربراہ نے ایک یونٹ کی کمان سنبھالنے کے دوران اپنے ایک ‘نامناسب تعلق’ کے انکشاف کے بعد استعفیٰ دے دیا ہے۔

ایئر مارشل ٹونی ڈیویز نے کہا: ’میں ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ دے رہا ہوں، اور یہ فیصلہ ماضی میں میری جانب سے کی گئی غلطیوں کے باعث ہے، جن کی ذمہ داری میں قبول کرتا ہوں۔‘

انہوں نے کہا: ’میری یہ غلطیاں دفاعی فورس کی اقدار کے منافی تھیں۔‘

ٹونی ڈیویز کے مطابق: ’یہ معاملات اس نامناسب تعلق سے متعلق ہیں جو میرے ایک یونٹ کی کمان کے دوران قائم ہوا تھا، اور مجھے اس بات کا افسوس ہے کہ جب موقع ملا تو میں نے اس کا انکشاف نہیں کیا۔‘

فوج کے مطابق انہوں نے اپنی نجی زندگی کے احترام کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ان کی تمام تر توجہ اپنے خاندان پر مرکوز ہے۔

دفاعی فورس نے بتایا کہ اس معاملے کو مزید جائزے کے لیے ایک آزاد نگران ادارے کے سپرد کر دیا گیا ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

نیوزی لینڈ کے وزیر دفاع پال گولڈسمتھ نے کہا کہ استعفے کے پس منظر میں سامنے آنے والے حالات مسلح افواج کے بہت سے اہلکاروں کے لیے ’شدید مایوسی‘ کا باعث ہوں گے۔

انہوں نے کہا: ’ان کے فیصلے کی وجوہات دیانت داری سے متعلق ایسے معاملات ہیں جن کا انہوں نے پہلے انکشاف نہیں کیا تھا۔‘

وزیر دفاع نے مزید کہا: ’ہم دونوں اس بات پر متفق ہیں کہ اب ان کا اپنے عہدے پر برقرار رہنا ممکن نہیں رہا۔‘

اے ایف پی کی جانب سے رابطہ کرنے پر نیوزی لینڈ ڈیفنس فورس نے مزید تفصیلات فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔

فضائیہ کے سابق سربراہ ٹونی ڈیویز کو 2024 میں نیوزی لینڈ کی فوج کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *