پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی (ایس پی ڈی سی) کا اہم اجلاس آج جمعے کو اسلام آباد میں ہو رہا ہے، جس میں تینوں ممالک کے اعلیٰ سیاسی، سفارتی اور دفاعی حکام شرکت کریں گے۔
رواں برس اگست میں ہونے والے اس معاہدے کی بنیادی شق کے مطابق تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر مسلح حملے کو باقی دو ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں تینوں ممالک کے درمیان اس مشترکہ دفاعی ذمہ داری پر عمل درآمد میں پیش رفت کا جائزہ لینے اور دفاعی تعاون کے لیے عملی طریقہ کار وضع کرنے پر بات چیت متوقع ہے۔
یہ اجلاس ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی، یمن میں سرگرم حوثیوں کے حملوں اور سعودی عرب کو درپیش سکیورٹی خطرات نے علاقائی سلامتی کے معاملات کو مزید اہم بنا دیا ہے۔
اس ضمن میں پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے جمعرات کو اے ایف پی کو بتایا تھا کہ سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان جاری تنازع اسلام آباد میں ہونے والے اس اجلاس کے ایجنڈے کا ایک اہم نکتہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ’سعودی عرب کے جنوب میں جاری بدامنی ایک اہم معاملہ ہے اور اس پر بات چیت ناگزیر ہے۔‘
یہ اس کمیٹی کا تیسرا اجلاس ہے۔ اس سے قبل یہ اجلاس ترکی اور سعودی عرب میں ہو چکا ہے۔
اس اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور اعلیٰ عسکری قیادت کرے گی، جبکہ سعودی عرب اور ترکی کی جانب سے بھی اعلیٰ قیادت کی شرکت متوقع ہے۔ مکہ دفاعی معاہدے کے سیکریٹری جنرل ریٹائرڈ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کی بھی اجلاس میں شرکت متوقع ہے۔
اجلاس سے قبل گذشتہ روز تینوں ممالک کے سینیئر دفاعی اور عسکری حکام نے اسلام آباد میں تیاریوں اور ایجنڈے کو حتمی شکل دینے کے لیے مشاورتی اجلاس بھی منعقد کیا تھا۔
حکومت پاکستان کے اعلیٰ عہدے دار نے اس حوالے سے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا تھا کہ اس اجلاس کی کوریج کے لیے میڈیا سینٹر شہر کے نجی ہوٹل میریٹ ہوٹل میں قائم کیا جائے گا۔
سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے تحت تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور اعلیٰ فوجی قیادت علاقائی سلامتی، دفاعی تعاون اور مشترکہ دفاعی انتظامات سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرتے ہیں۔
یہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان قائم اعلیٰ سطح کے سیاسی و دفاعی رابطے کا فورم ہے، جو تینوں ممالک کے مابین دفاعی تعاون اور مشترکہ حکمت عملی کے لیے سٹریٹیجک رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
مکہ دفاعی معاہدہ کیا ہے؟
پاکستان، سعودی عرب اور ترکی نے رواں برس سات اگست کو سعودی عرب کے شہر مکہ میں مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس پر پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب اردوغان نے دستخط کیے۔
اس معاہدے کی بنیادی شق کے مطابق تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر مسلح حملے کو باقی دو ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا، جس کے بعد مشترکہ دفاع اور معاونت کی ذمہ داری پیدا ہوگی۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
پاکستانی دفتر خارجہ نے معاہدے کو دفاعی نوعیت کا قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’اس کا مقصد کسی ملک کے خلاف محاذ آرائی نہیں بلکہ بیرونی جارحیت کے مقابلے کے لیے مشترکہ دفاعی صلاحیت کو مضبوط بنانا ہے۔‘
اس معاہدے کے تحت قائم سٹریٹیجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کا پہلا اجلاس 31 اگست کو ترکی کے شہر استنبول میں ہوا تھا، جس میں تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور عسکری قیادت نے شرکت کی تھی۔
اس کے بعد پانچ اکتوبر کو سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں تینوں ممالک نے دفاعی تعاون اور علاقائی سکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ آیا تینوں ممالک اپنے مشترکہ دفاعی معاہدے کو محض سیاسی عزم تک محدود رکھنے کے بجائے اس کے تحت ادارہ جاتی رابطوں اور عملی تعاون کے نظام کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔
اسلام آباد اجلاس میں ہونے والی بات چیت اور اس کے نتیجے میں سامنے آنے والے فیصلے یہ واضح کرنے میں اہم ہوں گے کہ مکہ دفاعی معاہدے کے تحت تینوں ممالک مشترکہ دفاعی ذمہ داریوں کو کس حد تک عملی شکل دینے میں کامیاب ہوتے ہیں۔
