پاکستان کی ٹی 20 ٹیم کی کپتانی ملنے کے بعد صاحبزادہ فرحان نے جمعے کو پہلے ہی میچ میں 52 گیندوں پر 89 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو سری لنکا کے خلاف چار وکٹوں سے کامیابی دلا دی۔
پاکستان نے راولپنڈی میں کھیلے گئے تین میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کے 183 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 18.5 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر سکور پورا کر لیا۔
فرحان نے اپنی اننگز میں 10 چوکے اور چار چھکے لگائے جبکہ معاذ صداقت نے صرف 29 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔
اس سے قبل اوپننگ بلے باز لاہیرو اودارا کے 55 گیندوں پر 91 رنز کی بدولت سری لنکا نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی نئی فاسٹ بولنگ لائن اپ میں محمد عمران اور رضا اللہ نے اپنا پہلا بین الاقوامی میچ کھیلا۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
ہدف کے تعاقب میں صاحبزادہ فرحان اور فخر زمان نے جارحانہ آغاز کیا اور پاور پلے کے دوران 31 گیندوں پر 54 رنز کی شراکت قائم کی۔
سری لنکن فاسٹ بولر دشمنتھا چمیرا نے پاور پلے کے اپنے دو اوورز میں 32 رنز دیے۔
فخر زمان 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد معاذ نے ایشان مالنگا کے خلاف اپنی پہلی چار گیندوں پر دو چھکے اور ایک چوکا لگایا۔ انہوں نے فرحان کے ساتھ مل کر 53 گیندوں پر 92 رنز کی شراکت قائم کی۔
معاذ نے 28 گیندوں پر اپنی پہلی ٹی 20 نصف سینچری مکمل کی لیکن اگلی ہی گیند پر مہیش تھیکشانا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔ تھیکشانا نے 36 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔
سری لنکا نے کچھ دیر کے لیے واپسی کی جب چمیرا نے حسن نواز کو وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا کے ٹی 20 کرکٹ میں اپنی 100ویں وکٹ حاصل کی جبکہ تھیکشانا نے صائم ایوب کو آٹھ رنز پر بولڈ کر دیا۔
فرحان نے تھیکشانا کے ایک اوور میں چھکا اور تین چوکے لگائے، تاہم وہ مڈ وکٹ پر سہان آراچیگے کے شاندار کیچ پر آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت پاکستان کو جیت کے لیے صرف تین رنز درکار تھے۔
اس سے قبل سری لنکا کی اننگز کا آغاز اچھا نہیں رہا اور نسیم شاہ نے پہلے ہی اوور میں کپتان کوسل مینڈس کو ایک رن پر آؤٹ کر دیا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
نسیم نے 36 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں شاہین آفریدی اور محمد حارث کو ٹیم سے باہر رکھنے کے بعد ٹی 20 سکواڈ میں واپس شامل کیا گیا تھا۔
کامل مشارا پاور پلے میں مشکلات کا شکار رہے اور فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے۔ ان کی وکٹ ڈیبیو کرنے والے پاکستانی بولر محمد عمران نے حاصل کی، جنہوں نے 21 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔
تاہم لاہیرو اودارا نے کمنڈو مینڈس کے ساتھ 60 رنز اور داسن شناکا کے ساتھ 57 رنز کی شراکتیں قائم کرکے سری لنکا کی اننگز کو سنبھالا۔ مینڈس نے 23 جبکہ داسن شناکا نے 18 رنز بنائے۔
اودارا نے 32 گیندوں پر اپنی نصف سینچری مکمل کی اور 55 گیندوں پر 91 رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کے آخری اوور میں کیچ آؤٹ ہوئے۔
ان کی اننگز میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ سری لنکا نے آخری چھ اوورز میں 66 رنز بنائے۔
سیریز کے بقیہ دونوں میچ بھی اتوار اور منگل کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔
