لبنان میں اتوار کو بوفرٹ قلعے پر اسرائیلی قبضے اور جارحیت کے بعد فرانس نے سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے فرانسیسی ٹی وی چینل بی ایف ایم ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کرنے کی درخواست کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے تسلسل اور لبنانی علاقے پر اس کے بڑھتے ہوئے قبضے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔‘
فرانسیسی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی افواج کی جانب سے جنوبی لبنان میں کارروائیوں کے دائرہ کار میں اضافے اور لبنانی سرزمین میں مزید پیش قدمی پر فرانس کو شدید تشویش ہے۔
Jean-Noël Barrot: “J’ai demandé une réunion d’urgence du conseil de sécurité des Nations unies” sur les affrontements entre le Liban et Israël
“Rien ne peut justifier la prolongation militaire des opérations israéliennes au Liban”, ajoute le ministre des Affaires étrangères pic.twitter.com/LwAv4tdDPG
— BFM (@BFMTV) May 31, 2026
فرانس نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ خطے میں کشیدگی میں اضافے کو روکنے اور لبنان کی خودمختاری و علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
اسرائیلی فوج نے آج کہا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں یک سٹریٹجک پہاڑ پر واقع بوفرٹ قلعہ پر قبضہ کر لیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق یہ قلعہ صلیبی دور میں تعمیر کیا گیا تھا۔
یہ قبضہ نبطیہ شہر کے قریب کئی دنوں سے جاری شدید اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد ہوا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اگرچہ 17 اپریل سے لبنان اور اسرائیل میں جنگ بندی نافذ ہے، لیکن اس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔ اسرائیل کی تازہ پیش قدمی اس وقت سامنے آئی ہے جب واشنگٹن میں دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست مذاکرات جاری ہیں اور اگلا دور دو اور تین جون کو امریکی محکمہ خارجہ میں طے ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان اویخائے ادرعی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک تصویر جاری کی جس میں اسرائیلی فوجی قلعے کے باہر چلتے دکھائی دے رہے ہیں، جبکہ وزیرِ دفاع اسرائیل کاتز نے لکھا کہ قلعے پر اسرائیلی پرچم لہرایا گیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے اس قلعے پر اس سے پہلے 1982 میں قبضہ کیا تھا اور 2000 میں لبنان سے انخلا تک اسے اپنے کنٹرول میں رکھا تھا۔
لبنان کے وزیرِاعظم نواف سلام نے ہفتے کو اسرائیلی فضائی کارروائیوں کے بعد کہا تھا کہ یہ ’زمین کو جلا دینے کی پالیسی‘ ہے۔
نواف سلام نے مزید کہا کہ ملک ایک ’خطرناک کشیدگی‘ کی طرف بڑھ رہا ہے اور زور دیا کہ ’فوری اور حقیقی جنگ بندی‘ کی ضرورت ہے۔
ٹیلی وژن خطاب میں لبنان کے وزیرِاعظم نواف سلام نے کہا کہ اسرائیل ’قصبوں اور دیہات کو تباہ کر رہا ہے اور ان کے باشندوں کو جلاوطنی پر مجبور کر رہا ہے۔‘
