لامین یامال فِٹ لیکن فیفا ورلڈ کپ کا پہلا میچ نہیں کھیلیں گے: ہسپانوی کوچ

 سپین کے کوچ لوئس ڈی لا فوینتے نے تصدیق کی ہے کہ لامین یامال فٹ ہیں، تاہم وہ ورلڈ کپ کے ابتدائی میچ میں کیپ وردے کے خلاف بینچ پر بیٹھیں گے۔

بارسلونا کے نوجوان سٹار یامال 22 اپریل کو ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہونے کے بعد سے میدان سے باہر تھے۔

خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ 18 سالہ کھلاڑی ورلڈ کپ کے ابتدائی دو میچز نہیں کھیل پائیں گے، تاہم وہ پورا ہفتہ ٹریننگ کرتے رہے اور پیر کو اٹلانٹا میں میچ میں شرکت کے لیے تیار ہیں۔

ڈی لا فوینتے نے اتوار کو پریس کانفرنس میں کہا، ’وہ دستیاب ہیں لیکن ابتدا سے کھیلنے کے لیے نہیں۔ وہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور کچھ منٹس کھیل سکتے ہیں۔‘

وِنگرز نیکو ولیمز اور وکٹر میونوز بھی مکمل فٹ نہیں اور صرف بینچ پر ہوں گے، جس سے کوچ کے پاس وِنگ پوزیشنز پر محدود آپشنز رہ گئے ہیں۔

کوچ نے کہا کہ ’وہ کل کھیل سکتے ہیں اور اس سے ان کی حالت مزید خراب نہیں ہوگی، ورنہ انہیں بینچ پر بھی نہ بٹھایا جاتا۔‘

پہلی بار سپین ورلڈ کپ میں بغیر کسی ریال میڈرڈ کھلاڑی کے اتر رہا ہے تاہم رپورٹس کے مطابق جلد ہی یہ صورت حال تبدیل ہو سکتی ہے کیونکہ ریال میڈرڈ چیلسی کے مارک کوکوریلا کے ساتھ معاہدے کے قریب ہے۔

ڈی لا فوینتے نے اس خیال کو مسترد کیا کہ ٹرانسفر کی افواہیں کھلاڑیوں کی توجہ متاثر کریں گی۔

 ان کا کہنا تھا کہ ’میں جانتا ہوں کہ کھلاڑیوں میں پیشہ ورانہ جذبہ اور عزم موجود ہے۔ یورو کے دوران بھی ایسا ہوا تھا اور اس سے کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوا۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے کہا کہ ’میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ٹیم کا کوئی کھلاڑی اجتماعی مفاد کو نقصان نہیں پہنچائے گا۔ اگر کسی کے لیے ٹورنامنٹ کے دوران اچھی خبر آئے گی تو ہم اس کا جشن منائیں گے۔‘

سپین نے یورو 2024 میں غیر معمولی کارکردگی دکھاتے ہوئے جرمنی، فرانس اور انگلینڈ کو شکست دے کر ٹائٹل جیتا تھا۔

اس بار بھی سپین کو ورلڈ کپ جیتنے کے مضبوط امیدواروں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

ڈی لا فوینتے نے اپنی ٹیم کو دنیا کی بہترین ٹیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’میرے لیے، مکمل احترام کے ساتھ، یہ دنیا کی بہترین ٹیم ہے۔ ہمارے پاس بہترین کھلاڑی ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیم میں شدید مقابلہ ہے اور وہ کھلاڑی جو ٹیم سے باہر رہ جاتے ہیں، وہ اس معیار کا ثبوت ہیں۔

سپین گروپ ایچ میں کیپ وردے کے علاوہ سعودی عرب اور یوراگوئے کے خلاف بھی اپنے میچز کھیلے گا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *