قصور میں والدین اور تین بھائیوں کے قتل کا معمہ پولیس نے کیسے حل کیا؟

پنجاب پولیس نے جمرات کو بتایا کہ قصور کے علاقے محمود خانیکے میں 25 روز بعد پولیس تفتیش کے دوران 17 سالہ غلام فاطمہ نے اعتراف کیا ہے کہ اس پسند کی شادی کے لیے لڑکے کے ساتھ مل کر اپنے والدین اور تین بھائیوں کو زہریلی کھیر کھلائی جس سے ان کی موت ہوئی۔

اس سے قبل ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی کھیر میں چھپکلی گرنے سے موت کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم یہ دعویٰ اب غلط نکلا۔

مقدمے کے تفتیشی افسر محمد اشرف نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ ’یہ 22 اکتوبر کی صبح تھی جب معمول کے مطابق قصور کے اس گھر میں غلام فاطمہ نامی لڑکی نے کچن سے پلیٹوں میں کھیر ڈال کر اپنے والد، والدہ اور چار بھائیوں کے سامنے رکھ دی، جو انہوں نے ناشتے میں کھا لی۔ مگر کچھ دیر بعد ان کی طبیعت بگڑنا شروع ہوگئی اور غلام فاطمہ نے شور مچا دیا کہ اس کے گھر والوں کی طبیعت خراب ہوگئی ہے۔ انہیں ہسپتال لے جانے کی بجائے قریبی ایک عامل سے دم کرایا گیا۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’والدین اور پانچ بہن بھائی ایک ہی گھر میں رہتے تھے، جبکہ ان کا بڑا شادی شدہ بھائی علیحدہ رہتا ہے۔ غلام فاطمہ نامی 17 سالہ لڑکی کے علاوہ اس گھر میں رہنے والے پانچ افراد کی موت ہوئی، جبکہ ایک بچ گیا ہے۔‘

پولیس نے اتنے دن گزرنے کے بعد سراغ کیسے لگایا؟

ڈی پی او قصور آفتاب پھلروان نے انڈپینڈنٹ اردو سے گفتگو میں کہا کہ ’اللہ دتہ نے 20 نومبر کو پولیس تھانہ کنگن پور میں درخواست دی کہ ملزم علی نے اپنے والد لیاقت علی اور اپنے عزیز طفیل کے ساتھ مل کر سازش کے ذریعے ان کی بھتیجی غلام فاطمہ کو محبت کے جال میں پھنسایا۔

ملزمان نے لڑکی کے ذریعے ان کے بھائی قاسم علی، بھابھی حسنہ بی بی اور تین بھتیجوں 24 سالہ آصف علی، 20 سالہ ناظم علی اور 18 سالہ شوکت علی اور 12 سالہ عمران علی کو کھیر میں زہر دیا ہے، جس سے شوکت علی کے علاوہ پانچوں کی موت ہوئی۔ ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے۔‘

انہوں نے بتایا کہ ’پولیس نے مقدمہ درج کرکے لڑکی سمیت تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ دوران تفتیش غلام فاطمہ نامی لڑکی نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے اپنے والدین اور بھائیوں کو کھلائی گئی کھیر میں کیڑے مار گولیاں ڈالی تھیں۔‘

ڈی پی او کے بقول: ’ملزمہ نے پہلے پولیس کو بیان دیا تھا کہ کھیر میں چھپکلی گر گئی تھی، جس سے کھیر زہریلی ہوگئی اور اس کے والدین اور بھائیوں کی موت ہوئی۔

حالانکہ چھپکلی زہریلی نہیں ہوتی، نہ ہی کھیر سے کوئی چھپکلی ملی اور نہ کسی نے دیکھی۔ اس سے پولیس کو شک ہوا اور لڑکی نے کچھ دیر بعد ہی بیان بدل لیا کہ اس کے والدین علی سے شادی کی اجازت نہیں دے رہے تھے، اس لیے اس نے کھیر میں زہر ملا دیا۔‘

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ پولیس نے ان اموات کو اتفاقیہ قرار نہیں دیا۔ چار افراد کے پوسٹ مارٹم کیے گئے، جبکہ متوفین کے معدے، جگر، تلی اور دیگر متعلقہ اعضا کے نمونے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی لاہور بھجوائے گئے ہیں۔

ان کے مطابق فرانزک رپورٹ ہی ان اموات کی اصل وجہ واضح کرے گی اور یہ بھی معلوم ہوسکے گا کہ آیا انہیں کوئی زہریلا مادہ دیا گیا تھا یا نہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تفتیشی افسر کے بقول، ’ملزمان نے کئی دن تک عامل سے دم کرایا، مگر جب متاثرین کی حالت زیادہ بگڑی تو انہیں جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پانچوں افراد تین دن کے اندر دم توڑ گئے۔

اگر انہیں بروقت ہسپتال لایا جاتا تو ان کی جان بچ سکتی تھی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق کھیر میں ڈالی گئی زہریلی کیڑے مار گولیاں شاید زائد المعیاد تھیں، اس لیے ان کا اثر کچھ دن میں ہوا، ورنہ فوری موت ہوجانی تھی۔

اس کیس کے تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔ ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی۔‘

واقعہ پسند کی شادی یا سازش کی وجہ سے کیسے پیش آیا؟

اللہ دتہ نے اپنی درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ ’ملزم علی نے 2022 میں میرے مقتول بھتیجے عمران علی سے بدفعلی کی کوشش کی تھی، جس کے خلاف ہم نے ملزم علی کے خلاف تھانہ کنگن پور میں درخواست بھی دی تھی۔

مگر مقامی پنچایت نے ہمارے درمیان صلح کرا دی تھی، لیکن ملزمان پنچایت میں رسوا اور بے عزت ہوئے تھے، جس کا انہیں شدید رنج تھا۔

اسی لیے انہوں نے سازش تیار کی اور علی کے ذریعے میری بھتیجی غلام فاطمہ کو محبت کا جھانسہ دے کر بہلایا پھسلایا۔ ملزمان نے شادی کے نام پر لڑکی کو گندم میں رکھنے والی کیڑے مار زہریلی گولیاں دے کر میرے بھائی قاسم اور اس کے بیٹوں کو قتل کرنے پر راضی کیا۔‘

تفتیشی افسر کے بقول، ’ہم نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے اور عدالت سے ان کا ریمانڈ بھی حاصل کیا جاچکا ہے۔

اس معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے کہ واقعہ پرانی رنجش کا نتیجہ ہے یا واقعی لڑکی نے پسند کی شادی کے لیے یہ سنگین جرم کیا ہے۔

شواہد اور ثبوت بھی جمع کیے جارہے ہیں، جو عدالت میں پیش کیے جائیں گے۔ پھر عدالت ہی کیس کا حتمی فیصلہ کرے گی۔‘


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *