ہفتے کو فیفا ورلڈ کپ 2026 میں تیسری پوزیشن کے ہنگامہ خیز پلے آف میچ میں انگلینڈ نے فرانس کو 4-6 سے شکست دے دی جب کہ کیلیئن ایم باپے ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔
میامی میں کھیلے گئے سنسنی خیز میچ میں انگلینڈ کے بوکایو ساکا نے ہیٹ ٹرک کی اور جوڈ بیلنگھم ایک ہی ورلڈ کپ میں سات گول کرنے والے پہلے انگلش کھلاڑی بن گئے۔
لیکن دلچسپ مقابلے کے باوجود، سیمی فائنل مرحلے میں ٹائٹل جیتنے کی امیدیں دم توڑنے کے بعد دونوں ٹیمیں مایوس ہی گھر لوٹیں گی۔
فرانس کو سپین نے بری طرح مات دی تھی جب کہ انگلینڈ، ارجنٹینا کے خلاف آخری لمحات میں ڈھیر ہو گیا تھا۔
انگلش فٹ بال کلب آرسنل کے فارورڈ بوکایو ساکا نے کہا کہ دیدیے دیشاں کی فرانسیسی ٹیم کو ہرانا ایک ’شاندار‘ نتیجہ تھا لیکن انہوں نے اعتراف کیا کہ ارجنٹینا کے ہاتھوں شکست پر ’بہت دکھ‘ ہوا۔
بوکایو ساکا کا کہنا تھا کہ ’جب آپ ہارتے ہیں تو ہمیشہ شور ہوتا ہے، اور جب آپ جیتتے ہیں تب بھی شور ہوتا ہے۔‘
’اصل بات یہ ہے کہ آپ اس پر کیسا ردعمل دیتے ہیں، آپ اسے آگے بڑھنے کے لیے کیسے استعمال کرتے ہیں اور آج ہم نے شاندار انداز میں کھیل ختم کیا، ہم واقعی بس یہی کر سکتے تھے اور ہم نے یہ کر دکھایا۔‘
دونوں کوچز نے میامی کی شدید گرمی میں ہونے والے اس میچ کے لیے ٹیموں میں کئی تبدیلیاں کیں، جس کی بدولت کئی بڑے سٹارز بینچ پر موجود تھے۔
آرسنل کے مڈفیلڈر ڈیکلن رائس نے تیسرے منٹ میں دور سے گول کر کے انگلینڈ کو برتری دلا دی جس کے بعد ایزری کونسا نے ہیڈر کے ذریعے گول کر کے مقابلہ 0-2 کر دیا۔
فرانس کے لیے یہ میچ اس وقت شرمناک ہونے کے قریب پہنچ گیا جب بوکایو ساکا نے ایک تیز جوابی حملے کے بعد سکور 0-3 کر دیا اور پھر آرسنل کے اس کھلاڑی نے پہلے ہاف کے اضافی وقت میں ایک اور گول کر دیا۔
آخری بار فرانس کی قیادت کرنے والے دیدیے دیشاں نے فرانسیسی ٹی وی چینل ایم سکس کو بتایا کہ پہلے ہاف کی کارکردگی ’تباہ کن‘ تھی اور انہوں نے اپنے کھلاڑیوں پر زور دیا کہ وہ فخر کا اظہار کریں۔
انہوں نے دوسرے ہاف کے آغاز میں کئی تبدیلیاں کرتے ہوئے عثمان دمبیلے اور بریڈلی بارکولا کو میدان میں اتارا۔
انہیں فوراً ہی اس کا صلہ مل گیا جب ایم باپے نے ٹورنامنٹ میں اپنا نواں گول سکور کیا اور سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں سب سے اوپر پہنچ کر لیونل میسی کو پیچھے چھوڑ دیا۔
کھیل کا نقشہ پوری طرح بدل گیا اور بارکولا نے ایک اور گول کر کے خسارہ مزید کم کر دیا۔
پھر ایم باپے نے مائیکل اولیس کے پاس پر میچ کا اپنا دوسرا گول کیا اور 22 گولز کے ساتھ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔
فرانس نے کئی مواقع ضائع کیے اور انگلینڈ کو اپنی برتری مزید بہتر کا موقع اس وقت ملا جب مالو گستو نے پینلٹی ایریا میں جیڈ سپینس کو گرا دیا۔
متبادل کھلاڑی بیلنگھم نے ساکا کو گیند دی جنہوں نے آگے بڑھ کر پینلٹی پر گول کیا اور اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔
دمبیلے کے پاس فرانس کے لیے چوتھا گول کرنے کا وقت ابھی باقی تھا لیکن پھر بیلنگھم نے آگے بڑھتے ہوئے ایک شاندار انفرادی کوشش سے میچ کا دسواں گول کر دیا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
تیسری پوزیشن حاصل کر کے، انگلینڈ نے 1966 میں ٹورنامنٹ جیتنے کے بعد سے ورلڈ کپ میں اپنا بہترین نتیجہ حاصل کیا۔
دیشاں نے 2018 میں فرانس کو ورلڈ کپ کی فتح سے ہمکنار کیا تھا اور چار سال قبل ان کی ٹیم رنرز اپ رہی تھی۔
شاندار آغاز کے بعد فرانس کی ٹیم 2026 کا ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے فیورٹ تھی لیکن سیمی فائنل میں سپین نے اسے 0-2 سے شکست دے دی۔
اتوار کو نیو جرسی کے ایسٹ ردرفورڈ میں ہونے والے فائنل میں تین بار کی چیمپئن ارجنٹینا کا مقابلہ یورپی چیمپئن سپین سے ہوگا۔
