ڈیموکریٹک امیدوار آدم حماوی نے نیو جرسی کے 12ویں کانگریشنل ڈسٹرکٹ سے ریپبلکن امیدوار گریگ میلے کو شکست دے کر کامیابی حاصل کرلی، جس کے بعد وہ پیش گوئیوں کے مطابق امریکی کانگریس کے پہلے مسلم رکن بن گئے ہیں جن کا تعلق ریاست نیو جرسی سے ہے۔
ڈاکٹر ایڈم حماوی نے 2024 اور 2025 میں غزہ میں رضاکارانہ طور پر طبی خدمات انجام دی تھیں۔
اب تک کے نتائج کے مطابق ڈاکٹر ایڈم حماوی نے ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کیے ہیں۔
امریکہ کے مڈ ٹرم انتخابات کے ابتدائی نتائج میں منگل کو ڈیموکریٹس نے ری پبلکنز سے امریکی سینیٹ کی پہلی نشست چھین لی، جس سے کانگریس کا کنٹرول حاصل کرنے کی ان کی کوششوں کو تقویت ملی۔ یہ کامیابی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے ایک بڑا سیاسی دھچکا ثابت ہو سکتی ہے۔
میڈیا کے اندازوں کے مطابق ڈیموکریٹس کے مقبول سابق گورنر رائے کوپر نے شمالی کیرولائنا میں سینیٹ کی نشست کے لیے ٹرمپ کے نامزد امیدوار کو شکست دے دی، جبکہ ابھرتے ہوئے ڈیموکریٹ رہنما جون اوسوف نے جارجیا میں سینیٹ کی نشست پر دوبارہ کامیابی حاصل کر لی۔
پلاسٹک سرجن، امریکی فوج کے سابق جنگی ڈاکٹر اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر طبی خدمات انجام دینے والے حماوی، ایوانِ نمائندگان کی رکن بونی واٹسن کولمین کی جگہ لیں گے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کولمین ڈیموکریٹک پارٹی کی ایک بااثر ترقی پسند آواز سمجھی جاتی ہیں اور ایک دہائی تک عہدے پر رہنے کے بعد ریٹائر ہو رہی ہیں۔
مصر میں پیدا ہونے والے اور امریکہ میں پرورش پانے والے 56 سالہ حماوی عراق جنگ میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ بعد ازاں انہوں نے بوسنیا، سوڈان، لبنان اور شام میں طبی امدادی مشنز میں حصہ لیا۔
وہ 2024 میں اسرائیلی نسل کشی کے دوران انسانی ہمدردی کی بنیاد پر طبی خدمات انجام دینے کے لیے غزہ کے جنوبی علاقے گئے تھے۔
ان کے مطابق یہ تجربہ سیاست میں آنے کے فیصلے میں فیصلہ کن ثابت ہوا۔
غزہ میں اپنی خدمات کے حوالے سے انہوں نے اپنی ویب سائٹ پر بتایا کہ ’میں نے ان بچوں کا علاج کیا جنہیں ملبے سے نکالا گیا تھا اور ان لوگوں کا بھی جنہوں نے بم دھماکے دیکھے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ سب کچھ وہ ہے جو لوگ سرخیوں کے بعد نہیں دیکھتے۔ کسی کو تو اپنے ہاتھوں سے ان لاشوں کو جوڑنا ہوتا ہے۔
’میں نے یہ کام سینٹرل امریکہ، افریقہ، مشرقی یورپ اور مشرق وسطیٰ میں کیا۔ اور میں یہی کام یہاں نیو جرسی میں کرتا ہوں۔‘
