عمران خان کی دو بہنیں جیل سے رہا، تیسری بدستور قید

حکومت پنجاب نے سابق وزیراعظم عمران خان کی دو بہنوں عظمیٰ خان اور نورین نیازی کو جمعرات کو جیل سے رہا کر دیا، تاہم ان کی تیسری بہن علیمہ خان تاحال جیل میں ہیں۔

دونوں بہنیں کئی ہفتوں سے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں زیر حراست تھیں۔ 

عظمی اور نورین کے وکیل مدثر عمر نے بتایا کہ حکومت نے دونوں کی نظر بندی کا حکم نامہ واپس لے لیا جس کے بعد انہیں آج دوپہر دو بجے رہا کر دیا گیا۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

حکومت کا کہنا تھا کہ اس نے عمران خان کی بہنوں کو اس خدشے کے پیش نظر حراست میں لیا تھا کہ وہ اسلام آباد کی جانب مجوزہ مارچ سے قبل امن و امان کے لیے خطرہ بن سکتی تھیں، تاہم یہ مارچ بالآخر نہیں ہو سکا۔

عظمیٰ خان کے بیٹے ولی خان نے سوال اٹھایا کہ ان کی والدہ کو 53 روز تک حراست میں کیوں رکھا گیا؟ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلے قانون کے مطابق نہیں کیے گئے۔

انہوں نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا ’ان کی قید بھی من مانی تھی اور رہائی بھی۔‘

یہ رہائی عمران خان کو اسلام آباد کے ایک سرکاری ہسپتال منتقل کیے جانے کے ایک روز بعد عمل میں آئی، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی تھی۔

پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان 2023 سے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے حکام کے مطابق انہیں دائیں آنکھ کے علاج کے لیے انجیکشن دیا گیا جبکہ ان کے بلڈ پریشر کا بھی علاج کیا گیا۔

عمران خان سے وکلا کی ملاقات

عمران خان کے وکلا نے بدھ کو اڈیالہ جیل میں ان سے ملاقات کی، جس میں مجوزہ آئینی تبدیلیوں، ان کی جماعت کی حکومت والے صوبے خیبر پختونخوا کا انتظام وفاق کے ہاتھ میں جانے اور دیگر سیاسی معاملات پر گفتگو ہوئی۔

عمران خان کی جماعت کے ایک سینیئر رہنما نے جمعرات کو بتایا کہ یہ ملاقات چار گھنٹے جاری رہی۔

یہ ملاقات اسلام آباد ہائی کورٹ (آئی ایچ سی) کے اس حکم کے بعد ہوئی، جس میں حکام کو ہدایت کی گئی تھی کہ 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں سزاؤں کے خلاف اپیلوں کے سلسلے میں عمران خان اور ان کی اہلیہ کو اپنے وکلا سے مشاورت کی سہولت فراہم کی جائے۔

پی ٹی آئی کے سینیئر رہنما سردار لطیف کھوسہ نے بتایا کہ انہوں نے اپنے ساتھی وکیل سلمان صفدر کے ہمراہ عمران خان اور ان کی اہلیہ سے ملاقات کی۔

جمعرات تک وفاقی حکومت نے اس ملاقات کے حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا اور نہ ہی عوامی سطح پر کوئی تبصرہ کیا۔

لطیف کھوسہ نے بتایا کہ ملاقات میں عمران خان کے مقدمات، سیاسی صورت حال اور مجوزہ 28ویں آئینی ترمیم پر بات ہوئی، جس کے باعث پاکستان کی انتظامی اور صوبائی حدود کی ممکنہ ازسرنو تشکیل کے حوالے سے بحث چھڑ گئی ہے۔

لطیف کھوسہ نے کہا ’ہم نے 28ویں ترمیم پر بات کی۔ ملاقات چار گھنٹے جاری رہی، تو ایسی کون سی بات تھی جس پر گفتگو نہ ہو سکتی ہو؟ سیاسی معاملات پر بھی بات ہوئی۔‘

تاہم انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔

سیاسی حلقوں میں زیر بحث تجاویز میں پاکستان کے موجودہ چار صوبوں کو تقسیم کرکے زیادہ انتظامی یونٹس بنانے کی تجویز بھی شامل ہے۔ تاہم حکومت نے اب تک اس آئینی تجویز کو باضابطہ طور پر پارلیمان میں پیش نہیں کیا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

خیبر پختونخوا کی سیاسی صورت حال پر گفتگو سے متعلق سوال پر لطیف کھوسہ نے کہا ’خیبر پختونخوا پر بات کیسے نہ ہوتی؟‘

11 اکتوبر کو صدر پاکستان آصف علی زرداری نے کے پی میں گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کر دی تھی، جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت عملاً اختیارات سے محروم ہو گئی اور انتظامی اختیارات گورنر فیصل کریم کنڈی کو منتقل کر دیے گئے۔

وفاقی حکومت نے اس اقدام کا جواز پیش کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ سابقہ پی ٹی آئی حکومت دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں وفاق کے ساتھ تعاون کرنے میں ناکام رہی جبکہ اس علاقے میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں اضافہ ہو رہا تھا۔

پی ٹی آئی نے اس الزام کو مسترد کرتے ہوئے اس اقدام کو اپنے سیاسی مینڈیٹ پر حملہ قرار دیا تھا۔

صحت اور قانونی جنگ

لطیف کھوسہ نے بتایا کہ بدھ کو ہونے والی ملاقات میں بنیادی طور پر قانونی معاملات اور عمران خان اور ان کی اہلیہ کی صحت سے متعلق مسائل پر توجہ دی گئی، جو دونوں اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

انہوں نے کہا ’انہیں واقعی صحت کے مسائل درپیش ہیں، عمران خان کو بھی اور بشریٰ بی بی کو بھی۔ صحت کے مسائل یقینی طور پر موجود ہیں اور کافی سنگین ہیں۔ ہم یہ معاملہ عدالت میں پیش کریں گے اور انہیں کچھ ریلیف دلانے کی کوشش کریں گے۔‘

انہوں نے مزید کہا ’بشریٰ بی بی کی آنکھ کی حالت کافی تشویش ناک ہے۔ یہ نازک صورت حال ہے اور ان حالات میں ان کی سرجری ممکن نہیں۔

’ان کے لیے ریلیف حاصل کرنا انتہائی ضروری ہے تاکہ وہ اپنی پسند کے ڈاکٹر اور ہسپتال سے علاج کروا سکیں۔‘

عمران خان اگست 2023 سے جیل میں ہیں اور انہیں متعدد مقدمات کا سامنا ہے، جنہیں ان کی جماعت سیاسی بنیادوں پر قائم کیے گئے مقدمات قرار دیتی ہے۔ حکومت اس مؤقف کو مسترد کرتی ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *