پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف کے درمیان جمعرات کو ملاقات ہوئی ہے جس میں موجودہ سیاسی صورت حال کا حل بات چیت کے ذریعے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
یہ ملاقات ایوان صدر میں جمعرات کو ہوئی جسے ملک میں نئے صوبوں کے قیام اور مجوزہ ریفرنڈم کے تناظر میں اہم سمجھا جا رہا ہے۔
پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم کی تجویز پر حالیہ دنوں حکمران اتحاد کے درمیان بیان بازی اس وقت شدت اختیار کر گئی جب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے منگل کو اپنے ایک بیان میں خبردار کیا کہ ’زبردستی سندھ کی تقسیم سے معاشرے میں دشمنی اور خون خرابہ پھیل سکتا ہے اور کراچی کی سڑکوں پر بہنے والے خون کا جواب دینا ہوگا۔‘
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری کی ملاقات۔ ملاقات میں موجودہ صورتحال پر گفتگو ہوئی ملاقات کے دوران مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر بھی بات چیت ہوئی۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا تمام معاملات کا حل بات چیت کے ذریعے نکالا جائے گا۔ ملاقات کے دوران گفتگو پچھلی آئینی ترامیم تمام اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے کیں گئیں۔ تمام معاملات پر مل کر بیٹھیں گے اور مشاورت سے ان کا حل نکالا جائے گا۔ ملاقات میں اتفاق ۔۔۔۔۔
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) November 19, 2026
اس کے جواب میں بدھ کو وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بلاول بھٹو زرداری کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا تھا کہ جمہوریت صرف تقریریں کرنے اور آئین کے آرٹیکلز کی تشریح کرنے کا نام نہیں بلکہ اس میں کارکردگی اور گورننس بھی ضروری ہے۔
اس ساری صورت حال کے درمیان جمعرات کو صدر پاکستان اور وزیر اعظم کے درمیان ایوان صدر میں ملاقات ہوئی ہے جس میں وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
بلاول بھٹو نے بھی بدھ کو ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ وہ جمعرات کو صدر پاکستان سے ملاقات کے لیے اسلام آباد جائیں گے تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں بلاول بھٹو بھی موجود تھے یا نہیں اور نہ ہی ایوان صدر سے جاری بیان میں ان کا ذکر ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں موجودہ صورت حال کے علاوہ مشرق وسطیٰ پر بھی بات ہوئی ہے۔
بیان کے مطابق ملاقات میں موجودہ سیاسی صورت حال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور تمام معاملات کا حل بات چیت کے ذریعے نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایوان صدر کے مطابق صدر آصف زرداری اور شہباز شریف نے ملاقات میں کہا گیا ہے کہ ’پچھلی آئینی ترامیم تمام اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے کیں گئیں۔‘
دوسری جانب تاحال وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے اس ملاقات کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
