پاکستان فوج نے اتوار کو ایک بیان میں بتایا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں پچھلے 72 گھنٹوں میں کارروائیوں کے دوران 27 عسکریت پسند مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں بتایا کہ انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری کارروائیوں میں سکیورٹی فورسز نے میران شاہ کے عمومی علاقے میں عسکریت پسندوں کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا۔
بیان میں کہا گیا مرنے والوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
بیان کے مطابق ’یہ عناصر متعدد دہشت گرد کارروائیوں اور بے گناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
آئی ایس پی آر کے مطابق اس گروہ کے خاتمے کے ساتھ ہی ملک سیف اللہ داوڑ کی ٹارگٹ کلنگ کا بھی بدلہ لے لیا گیا۔
نامعلوم افراد نے سیف اللہ کو ان کے گھر کے باہر فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا، جس کے بعد درپا خیل قبیلے کے لوگوں اور عسکریت پسندوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ علاقے میں چھپے ہوئے باقی عسکریت پسندوں کے مکمل خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز بدستور جاری ہیں۔
