سٹارز کے بدلتے چہرے: کیا اس کے پیچھے آنکھوں کے پپوٹوں کی سرجری ہے؟

شوبز شخصیات کا خوبصورتی کے لیے کاسمیٹک طریقہ علاج اور سرجری کروانا کوئی نئی بات نہیں۔

ماضی میں یہ رجحان زیادہ تر عمر رسیدہ افراد تک محدود تھا، جہاں ایک خاص عمر کی خواتین اور مرد بڑھتی عمر کے اثرات روکنے کے لیے بار بار بوٹوکس، فِلرز اور چہرے کی سرجری (فیس لفٹ) کرواتے تھے۔

تاہم حالیہ برسوں میں ان طریقہ علاج اور سرجری کروانے والوں کی اوسط عمر میں نمایاں کمی آئی ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

اب 40، 30 بلکہ 20 سال کی عمر کے افراد بھی اپنی ظاہری شکل بہتر بنانے کے لیے مختلف کاسمیٹک ٹریٹمنٹس اور معمولی سرجریوں کا سہارا لے رہے ہیں تاکہ سوشل میڈیا پر مقبول ایک جیسی خوبصورتی جسے ’انسٹاگرام فیس‘ کہا جاتا ہے، حاصل کر سکیں۔

خوبصورتی میں مسلسل بہتری لانے کی اس دوڑ میں کاسمیٹک سرجری کے مختلف رجحانات بھی بدلتے رہتے ہیں۔

کبھی گالوں کی چربی نکال کر انہیں اندر کی جانب دھنسا ہوا دکھانے والی سرجری مقبول ہوتی ہے تو کبھی ڈیپ پلین فیس لفٹ کے ذریعے چہرے کو غیر معمولی انداز میں اوپر اٹھانے کا رجحان زور پکڑتا ہے۔

اب اس فہرست میں آنکھ کے بالائی پپوٹوں (Eyelids) کی سرجری بھی شامل ہو گئی ہے۔

پپوٹوں کی سرجری، جسے عام طور پر ’بلیف سرجری‘ کہا جاتا ہے، میں بالائی پپوٹوں سے اضافی یا ڈھیلی جلد، پٹھے اور بعض اوقات چربی نکالی جاتی ہے تاکہ آنکھیں زیادہ کھلی اور چہرہ نسبتاً جوان دکھائی دے۔

چہرے کی سرجری اور تازگی بحال کرنے کے ماہر، ناک، کان اور گلے کے کنسلٹنٹ سرجن ڈاکٹر رشی منڈاویا کے مطابق گذشتہ چند برسوں میں اس سرجری کی مقبولیت میں ’سو فیصد‘ اضافہ ہوا ہے۔

ڈاکٹر رشی منڈاویا کہتے ہیں: ’عمر کے اثرات کم کرنے اور چہرے کو تروتازہ بنانے کے لیے مریضوں کی جانب سے کروائی جانے والی ابتدائی سرجریوں میں بالائی پپوٹوں کی سرجری شامل ہوتی ہے کیونکہ بغیر آپریشن کے پپوٹوں کے مسائل کا علاج کرنا کافی مشکل ہے۔‘

ان کے مطابق یہ سرجری ابتدائی کاسمیٹک آپریشن کے لیے ایک اچھا انتخاب ہو سکتی ہے، جس کے نتائج بھی نمایاں ہوتے ہیں۔

یہ نسبتاً محفوظ ہے، اس کے بعد صحت یابی میں کم وقت لگتا ہے اور زندگی کے ایک خاص مرحلے پر زیادہ تر افراد اس کے اہل ہو سکتے ہیں۔

ماضی میں یہ سرجری عموماً 50 سال سے زائد عمر کے افراد کرواتے تھے کیونکہ اس عمر میں قدرتی طور پر آنکھوں کے پپوٹوں پر اضافی اور جھریوں والی جلد جمع ہونے لگتی ہے، جس سے آنکھیں ڈھکی ہوئی محسوس ہوتی ہیں۔

تاہم اب کم عمر افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد بھی پپوٹوں کی یہ سرجری کروانے میں دلچسپی لے رہی ہے اور اس بارے میں معلومات حاصل کر رہی ہے۔

ڈاکٹر رشی منڈاویا کے بقول: ’اب ہم دیکھ رہے ہیں کہ کم عمر مریضوں کی بھی اس سرجری میں دلچسپی بڑھ رہی ہے۔‘

تاہم وہ اکثر لوگوں کو یہ سرجری کروانے سے منع بھی کرتے ہیں۔

 ان کا کہنا ہے: ’اگر کسی مریض کے لیے یہ سرجری مناسب نہ ہو تو میں اکثر اسے منع کر دیتا ہوں۔‘

ساتھ ہی انہوں نے بتایا: ’آپریشن کے دوران ضرورت سے زیادہ جلد نہیں ہٹانی چاہیے، خاص طور پر جب اضافی جلد موجود ہی نہ ہو، کیونکہ اس سے آنکھ مکمل طور پر بند نہ ہونے، شدید داغ پڑنے اور آنکھوں میں خشکی جیسے سنگین مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔‘

ایک رائے یہ بھی ہے کہ کم عمر افراد میں اس سرجری سے متعلق دلچسپی اور آگاہی بڑھنے کی ایک وجہ یہ ہے کہ اب زیادہ تعداد میں نوجوان مشہور شخصیات بھی بظاہر یہ آپریشن کرواتی نظر آتی ہیں۔

ہالی ووڈ میں کاسمیٹک سرجری کے بڑھتے ہوئے رجحان کے باعث یہ یقین سے کہنا بہت مشکل ہے کہ کس نے کون سا طریقہ علاج یا سرجری کروائی ہے۔

بیشتر معروف اداکار اور اداکارائیں اپنی جوان اور تروتازہ شکل برقرار رکھنے کے لیے کاسمیٹک ٹریٹمنٹس سے حاصل ہونے والی مدد کے بارے میں خاموش رہتے ہیں۔

وہ اکثر اپنے چہرے کی بدلی ہوئی تراش خراش کو اچھی نیند اور زیادہ پانی پینے جیسی مبہم وجوہات سے منسوب کر دیتے ہیں۔

اس کے باوجود ان سرجریوں کے بارے میں قیاس آرائیاں جاری رہتی ہیں۔

حال ہی میں اداکارہ جینیفر لارنس کی ظاہری شکل نے بھی لوگوں کی توجہ حاصل کی اور ان کے بارے میں پپوٹوں کی سرجری کروانے کی افواہیں گردش کرنے لگیں۔

36 سالہ اداکارہ، جو فلم ’ہنگر گیمز‘ سے شہرت رکھتی ہیں، نے حال ہی میں ’دی کٹ‘ نامی میگزین کے لیے ایک فوٹو شوٹ کروایا۔

 اس کی تصاویر آن لائن سامنے آنے کے بعد لوگوں نے محسوس کیا کہ ان کے پپوٹے پہلے سے زیادہ کھنچے ہوئے اور بھنویں اوپر اٹھی ہوئی دکھائی دے رہی ہیں۔

اس کے فوراً بعد ان کے بالائی پپوٹوں کی سرجری کروانے سے متعلق افواہیں شروع ہو گئیں۔

اس پر خاصی لے دے ہوئی کیونکہ لارنس ہمیشہ سے اپنے منفرد حسن اور روایتی خوبصورتی کے معیار سے ہٹ کر خدوخال کے لیے جانی جاتی رہی ہیں، جن میں ان کی پُرکشش اور قدرے ڈھکے ہوئے پپوٹوں والی آنکھیں بھی شامل ہیں۔

تاہم ان کی جانب سے کاسمیٹک سرجری یا دیگر طریقہ علاج کروانے سے متعلق تمام باتوں کی کوئی مستند تصدیق موجود نہیں۔

کون جانے، ممکن ہے کہ ان کی بدلی ہوئی شکل کا تاثر صرف میک اَپ، روشنی کے اثرات اور فوٹوشاپ کا نتیجہ ہو۔

فلم ’سلور لائننگز پلے بک‘ میں جینیفر لارنس کے ساتھ کام کرنے والے اداکار بریڈلی کوپر بھی ہالی وڈ کی ان معروف شخصیات میں شامل ہیں، جن کی ظاہری شکل نے قیاس آرائیوں کو جنم دیا۔

2023 میں ان کے بارے میں کہا گیا کہ وہ کاسمیٹک سرجری کے معاملے میں حد سے زیادہ آگے بڑھ گئے ہیں۔

 اس وقت 48 سالہ اداکار کے بارے میں یہ افواہیں بھی سامنے آئیں کہ انہوں نے اپنی فلم ’اِز دِس تھنگ آن؟‘ کی تشہیری مہم کے دوران پپوٹوں سمیت دیگر کاسمیٹک سرجریاں کروائی تھیں۔ تاہم ان دعوؤں کی بھی کوئی تصدیق نہیں ہوئی۔

رواں سال کے آغاز میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران بریڈلی کوپر اپنے دیرینہ دوستوں اور میزبانوں جیسن بیٹ مین اور ول آرنیٹ کی اس بات سے متفق دکھائی دیے، جب انہوں نے پلاسٹک سرجری سے متعلق تمام دعوؤں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اس خیال کو ’مضحکہ خیز‘ قرار دیا۔

مداحوں کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ عوامی سطح پر معروف کئی نوجوان خواتین نے بھی یہ سرجری کروائی ہے۔

اس حوالے سے ٹیلر سوئفٹ (36)، مائلی سائرس (33) اور ایما سٹون (38) کی سرجری سے پہلے اور بعد کی تصاویر کے تقابلی مجموعے بھی آن لائن شائع کیے گئے ہیں۔

تاہم یہ واضح رہنا چاہیے کہ ان تمام دعوؤں کی بھی نہ تو تصدیق ہوئی ہے اور نہ ہی ان کے حق میں کوئی مستند ثبوت موجود ہے۔

ان مخصوص فنکاروں نے بالائی پپوٹوں کی سرجری کروائی ہے یا نہیں، یہ بات تقریباً غیر اہم ہے۔

اصل اہمیت اس بحث کے عام لوگوں پر پڑنے والے اثرات کی ہے۔

اس کے نتیجے میں کم عمر افراد خصوصاً خواتین، دوسروں کے معیارِ حسن کے مطابق خود کو ڈھالنے اور اپنی ظاہری شکل بہتر بنانے کے لیے سرجری کا سہارا لینے میں زیادہ دلچسپی دکھا رہے ہیں یا یوں کہیں کہ اب مقابلہ عام لوگوں سے نہیں بلکہ کارڈیشیئن خاندان سے ہے؟

اس سارے رجحان کے پس منظر میں ایک افسوس ناک پہلو بھی موجود ہے۔ سوشل میڈیا پر پپوٹوں کی سرجری سے متعلق مواد عام ہو چکا ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انسٹاگرام پر سرجری سے پہلے اور بعد کی تصاویر کی بھرمار ہے جبکہ بعض صارفین اسے چہرے کی خوبصورتی میں انفرادیت، منفرد شناخت اور قدرتی خدوخال کے لیے ایک اور دھچکا قرار دے رہے ہیں۔

ایک پوڈکاسٹ میزبان نے اس رجحان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا: ’ایسا لگتا ہے جیسے اب کسی کے پپوٹے ہی باقی نہیں رہے۔ پپوٹوں کا دور ختم ہو چکا ہے۔‘

تاہم اس رجحان کے خلاف آوازیں بھی اٹھ رہی ہیں۔ آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والی سٹینڈ اپ کامیڈین کائلا کوبلر، جن کے انسٹاگرام پر 13 لاکھ فالوورز ہیں، قدرتی عمر رسیدگی، چہرے کی لکیروں اور جھریوں کو مثبت انداز میں پیش کرنے کے لیے کافی مواد بناتی رہی ہیں۔

انہوں نے بھی ایک ویڈیو پوسٹ کی، جس کے ساتھ طنزیہ انداز میں لکھا: ’بالائی پپوٹوں کی سرجری زندہ باد!‘

انہوں نے ویڈیو میں کہا: ’اب ہمیں یہ بتایا جا رہا ہے کہ آنکھ کے اوپر موجود جلد کا وہ حصہ، جو پلک جھپکنے کے لیے ضروری ہے، پرکشش نہیں۔ میرا مطلب ہے کہ اب تو یہ لوگ خوبصورتی کے نام پر من گھڑت باتیں کر رہے ہیں۔‘

کائلا نے اپنے فالوورز کو یاد دلایا کہ خوبصورتی کے لیے سرجری کے علاوہ بھی ’دوسرے آپشنز‘ موجود ہیں۔

 انہوں نے مشورہ دیا کہ سرجری کے لیے جمع کی گئی رقم آپریشن پر خرچ کرنے کے بجائے ساحل سمندر کی سیر پر لگا دی جائے۔

ان کا طنزیہ پیغام شاید ہم سب کے لیے ایک سبق ہے: ’اپنے پپوٹوں کو قدرتی حالت میں رہنے دیں!‘

بس یہ یاد رکھیں: زندگی کی دوسری چیزوں کی طرح خوبصورتی کے رجحانات بھی بدلتے رہتے ہیں۔

 تو پھر اپنے پپوٹوں کی قدرتی جلد برقرار رکھتے ہوئے سکون سے اس دن کا انتظار کیوں نہ کیا جائے جب ڈھکی ہوئی آنکھیں ایک بار پھر فیشن میں آ جائیں؟

آخرکار، کسی چیز کی اصل قدر کا احساس اکثر اس کے کھو جانے کے بعد ہی ہوتا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *