سعودی عرب پر حوثیوں کا میزائل حملہ ناکام، بحرین میں فوجی اڈے پر ایرانی ’حملہ‘

سعودی دفاعی اتحاد نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے اتوار کی صبح دارالحکومت ریاض کی جانب داغے گئے دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا، جبکہ مملکت کے مشرقی صوبے کو نشانہ بنانے والے تین ڈرون بھی مار گرائے گئے۔

ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں کی جانب سے ان حملوں کے بعد سعودی سول ڈیفنس نے صبح چار بج کر آٹھ منٹ پر ریاض کے رہائشیوں کو فضائی خطرے سے خبردار کرنے کے لیے الرٹ جاری کیا۔

چند منٹ بعد تین زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، جس کے بعد حکام نے خطرہ ٹلنے کا اعلان کیا۔

اس کے کچھ ہی دیر بعد سعودی دفاعی اتحاد کے سرکاری ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اعلان کیا کہ سعودی فضائی دفاع نے دارالحکومت کو نشانہ بنانے والے دو بیلسٹک میزائلوں کا پتہ لگا کر انہیں فضا میں ہی تباہ کر دیا ہے۔

بیان کے مطابق اتحاد نے مشرقی صوبے کی جانب داغے گئے تین ڈرون بھی فضا میں ہی تباہ کر دیے۔

یہ تازہ حملے حوثیوں کی جانب سے سعودی ہوائی اڈوں، فوجی تنصیبات اور توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں کے سلسلے کا حصہ ہیں۔

ان میں حالیہ حملہ بھی شامل ہے جس میں ریاض میں سرکاری تیل کمپنی سعودی آرامکو کی ایک انتظامی عمارت کو نقصان پہنچا تھا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ستمبر سے اب تک مملکت پر ہونے والے حملوں میں 26 افراد جان سے گئے ہیں، جن میں سے 23 ہوائی اڈوں کو نشانہ بنانے والے حملوں میں مارے گئے۔

بدھ کو سعودی فضائی دفاع نے ریاض، مکہ اور دیگر علاقوں کی جانب داغے گئے حوثی میزائلوں اور ڈرونز کو بھی روکا تھا، جبکہ اتحاد نے ہفتے کو اعلان کیا تھا کہ اس نے دارالحکومت اور مملکت کے جنوبی علاقے کی جانب بھیجے گئے دو ڈرون تباہ کر دیے ہیں۔

بحرین میں خطرے کے سائرن، ایران کا حملے کا دعویٰ

ادھر بحرین میں اتوار کو خطرے کے سائرن بج اٹھے اور حکام نے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی، جبکہ ایران کے پاسداران انقلاب نے خلیجی ملک میں ایک فوجی اڈے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بحرین میں خطرے کے سائرن بجائے گئے، جبکہ حکام نے سوشل میڈیا پر متعدد الرٹس جاری کرتے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر پناہ لینے کی ہدایت کی۔ تاہم خطرے کے ممکنہ ذریعے کی وضاحت نہیں کی گئی۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بحرین کی وزارت داخلہ نے ایکس پر جاری بیان میں شہریوں سے کہا کہ ’پرسکون رہیں، قریب ترین محفوظ مقام پر پہنچیں اور عوامی تحفظ کے لیے سرکاری ذرائع سے خبریں حاصل کریں۔‘

ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کے مطابق پاسداران انقلاب نے اتوار کو ایک بیان میں کہا کہ اس کی فورسز نے بحرین کے ایک فوجی اڈے پر نصب امریکی ریڈار سسٹم کو ڈرون حملے میں نشانہ بنایا ہے۔

سرکاری نشریاتی ادارے کی جانب سے ٹیلی گرام پر جاری کردہ بیان میں پاسداران انقلاب نے کہا: ’بحرین میں الرفاع ہیلی کاپٹر بیس پر امریکی فضائی دفاعی ریڈار سسٹم کو پاسداران انقلاب کی ایرو سپیس فورس کے چھ ڈرونز سے نشانہ بنایا گیا۔‘

بحرین میں امریکہ کا ایک بڑا بحری اڈہ موجود ہے۔ یہ ان متعدد خلیجی ممالک میں شامل ہے جنہیں 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر اچانک حملے شروع کیے جانے کے بعد شروع ہونے والی جنگ میں تہران کے حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

جمعے کو بھی ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کی فورسز نے بحرین میں امریکی ابتدائی انتباہی ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا، جبکہ امریکی فوج کا کہنا تھا کہ اس نے خلیجی جزیرے کی جانب آنے والے ایران کے دو ڈرون مار گرائے ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *