سعودی قیادت میں یمن میں حوثیوں کے خلاف لڑنے والے اتحاد نے اتوار کو کہا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے سعودی دارالحکومت ریاض کو نشانہ بنانے کے لیے داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل مار گرایا ہے۔
اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ ’فضائی دفاعی نظام نے حوثی دہشت گرد ملیشیا کی جانب سے ریاض کی طرف داغے گئے بیلسٹک میزائل کو تباہ کر دیا۔‘
اس سے چند گھنٹے قبل ترکی المالکی نے کہا تھا کہ اتحادی افواج نے یمن اور سعودی عرب میں حملوں کے لیے استعمال ہونے والے حوثیوں کے فوجی اہداف کو تباہ کر دیا ہے۔
ان کے مطابق ان اہداف کو بحیرہ احمر کے جنوبی حصے اور آبنائے باب المندب میں جہاز رانی کی آزادی کے لیے خطرہ پیدا کرنے کے لیے بھی استعمال کیا جا رہا تھا۔
فوجی اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا تھا کہ اس کارروائی میں ان تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جو ان کے بقول حوثی ملیشیا کی جانب سے یمن اور سعودی عرب میں شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کے خلاف ’دانستہ اور منظم دہشت گردانہ کارروائیوں‘ میں معاونت فراہم کر رہی تھیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
انہوں نے کہا کہ نشانہ بنائی گئی تنصیبات حوثی گروپ کی فوجی کارروائیوں میں مدد فراہم کر رہی تھیں، جن میں شہری اہداف پر بیلسٹک میزائل اور ڈرون حملے بھی شامل ہیں۔
ترکی المالکی نے مزید کہا کہ حوثیوں کے حملوں سے جنوبی بحیرہ احمر اور آبنائے باب المندب میں بحری جہاز رانی کی آزادی کو بھی خطرات لاحق ہیں۔
آبنائے باب المندب ایک اہم بحری گزرگاہ ہے جو بحیرہ احمر کو خلیج عدن سے ملاتی ہے۔
اتحاد کے ترجمان نے کہا کہ حوثیوں کی جانب سے شہریوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی کسی بھی مزید کارروائی کا اتحادی افواج کی مشترکہ کمان فوری جواب دے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اتحاد کی فوجی کارروائیاں بین الاقوامی انسانی قانون اور بین الاقوامی عرفی قانون کے مطابق کی گئیں۔
