پاکستان نے سری لنکا کے خلاف اگلے ہفتے سے شروع ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے اپنے سکواڈ میں چار کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے، جن میں تین ایسے کھلاڑی بھی شامل ہیں جو اب تک انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلے۔
19 سالہ نوجوان فاسٹ بولر علی شبیر اور 31 سالہ ثاقب خان کو پہلی مرتبہ پاکستان کی نمائندگی کا موقع مل رہا ہے۔
پیر کو راول پنڈی میں شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے گھاس والی پچ متوقع ہے۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ہفتے کو جاری اعلامیے کے مطابق 20 سالہ بیٹر طیب عارف کو بھی سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے، جنہوں نے حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والے ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں 727 رنز بنائے تھے۔
بیٹر عبداللہ فضل اور سپنر علی عثمان کو سکواڈ سے ڈراپ کیا گیا ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
نو ٹیسٹ میچ کھیلنے والے عامر جمال کی سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ انہیں اگست میں انگلینڈ کے تباہ کن دورے کے دوران وطن واپس بھیجے گئے سات کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا تھا۔
پاکستان کو انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد سے اس کے ٹیسٹ سکواڈ میں ردوبدل کیا جا رہا ہے۔
دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل یہ سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے، جس میں پاکستان اس وقت نویں اور آخری جبکہ سری لنکا ساتویں نمبر پر ہے۔
سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ 17 نومبر سے لاہور میں شروع ہوگا۔
پاکستانی سکواڈ: بابر اعظم (کپتان)، عامر جمال، علی شبیر، عرفات منہاس، اذان اویس، محمد عباس، غازی غوری، محمد سلیمان، محمد طحہٰ، طیب عارف، رضا اللہ، سعد بیگ، سلمان آغا، سمیر منہاس، ثاقب خان اور سعود شکیل۔
