ریاض پر حوثیوں کا نیا حملہ، 2 سعودی شہریوں سمیت 11 افراد زخمی

سعودی سول ڈیفنس نے منگل کو کہا ہے کہ دارالحکومت ریاض کے معاشی مرکز میں ایک ٹاور پر حوثیوں کے ’دہشت گردانہ حملے‘ میں گیارہ افراد زخمی ہوگئے۔

سعودی نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق زخمیوں میں دو سعودی شہری، دو انڈین، تین نیپالی اور چار مصری شامل ہیں۔

سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ متعلقہ اداروں نے واقعے پر فوری ردعمل دیتے ہوئے ہنگامی کارروائیوں کے لیے منظور شدہ طریقہ کار اور اقدامات پر عمل کیا اور انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے۔

اس سے قبل یمن میں حوثیوں کے خلاف سرگرم سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے بتایا تھا کہ ریاض کے مالیاتی مرکز میں واقع ایک ٹاور کو دہشت گرد حملے کا نشانہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے اس حملے کو ’بزدلانہ دہشت گردانہ کارروائی‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ متعلقہ حکام جائے وقوع پر موجود ہیں۔

گذشتہ دنوں بھی حوثی ملیشیا کے حملے میں ریاض کے کنگ عبداللہ فنانشل ڈسٹرکٹ کے ایک ٹاور کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ اس حملے میں ٹاور کی کئی منزلوں اور ملحقہ عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

حالیہ ہفتوں کے دوران حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔ ایران کے حمایت یافتہ اس گروہ نے سعودی شہروں اور اہم تنصیبات، بشمول ہوائی اڈوں، بندرگاہوں اور تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔

ریاض کو متعدد مرتبہ نشانہ بنایا جا چکا ہے، جن میں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور دارالحکومت میں آرامکو کی ایک انتظامی عمارت پر حملے بھی شامل ہیں۔

ان حملوں سے شہری آبادی کے علاقوں کو بھی خطرات لاحق ہوئے ہیں جبکہ فضائی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ اس صورت حال میں سعودی فضائی دفاعی نظام نے آنے والے میزائل اور ڈرون خطرات کا مقابلہ کیا جبکہ حکام نے متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو ہنگامی الرٹس جاری کیے۔

سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے ان حملوں کے جواب میں یمن میں حوثی ملیشیا کے فوجی اہداف کے خلاف جوابی کارروائیاں بھی کی ہیں۔ ان کارروائیوں میں میزائل داغنے کے مراکز، اسلحہ ذخیرہ کرنے کی تنصیبات اور دیگر فوجی اثاثوں کو نشانہ بنایا گیا، جنہیں مملکت اور پڑوسی ممالک کے خلاف حملوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *