راولپنڈی میں سیاہ رنگ کی کار کی خطرناک ڈرائیونگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے نامعلوم ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے اس کی شناخت و گرفتاری کے لیے تلاش شروع کر دی ہے۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سیاہ رنگ کی کار کے بونٹ پر ایک شخص سوار ہے جبکہ ڈرائیور تیز رفتاری سے گاڑی سڑک پر دوڑا رہا ہے۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹس (سوشل میڈیا) پر وائرل ہونے والی ایک وڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے راولپنڈی کے تھانہ نیو ٹاؤن میں نامعلوم ڈرائیور کے خلاف خطرناک ڈرائیونگ اور غفلت کا مقدمہ درج کیا گیا۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
ترجمان راولپنڈی پولیس سجاد الحسن نے انڈپینڈنٹ اردو کو بتایا کہ گاڑی کے ڈرائیور کی گرفتاری اور شناخت کے لیے تفتیش جاری ہے لیکن ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
پولیس کی جانب سے گذشتہ روز درج کی گئی ایف آئی آر، جس کی کاپی انڈپینڈنٹ اردو کے پاس موجود ہے، کے مطابق یہ واقعہ 25 ستمبر 2026 کی رات تقریبا 11 بج کر 25 منٹ پر راولپنڈی کے علاقے شمس آباد میں پیش آیا جہاں ایک نامعلوم ڈرائیور سیاہ رنگ کی کار کو انتہائی لاپرواہی سے چلا رہا تھا۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس وڈیو کے مناظر میں کار ڈرائیور کو سڑک پر موجود ایک سفید رنگ کی ہونڈا سیوک گاڑی، رجسٹریشن نمبر ANK/766، سے ٹکراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
ڈرائیور نے بعد ازاں سڑک پر ایک موٹر سائیکل کو بھی ٹکر ماری اور رکنے کے بجائے موٹر سائیکل کو اپنی گاڑی کے نیچے گھسیٹتے ہوئے سڑک پر دور تک لے گیا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ وڈیو کے یہ مناظر ’ڈرائیور کی شدید غفلت، لاپرواہی اور شہریوں کو نقصان پہنچانے کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔‘
ایف آئی آر میں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 279، جو سڑک پر خطرناک و تیز رفتار ڈرائیونگ سے متعلق ہے، اور دفعہ 427، جو کسی کا مالی یا جانی نقصان کرنے کی سزا میں لگائی جاتی ہے، شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق وائرل وڈیو اور گاڑی کے نمبر کی مدد سے ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی ہے اور تفتیشی افسر کو فوری کارروائی اور ملزم کی گرفتاری کے لیے مامور کر دیا گیا ہے۔
