پاکستان نے جمعے کو راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میں سری لنکا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز ایک صفر سے جیت لی ہے۔
جمعے کو ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن سری لنکا کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 316 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جس کے بعد پاکستان کو میچ جیتنے کے لیے 90 رنز کا ہدف ملا جو پاکستانی ٹیم نے دو وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں محمد عباس اور عامر جمال نے تین، تین جب کہ رضا اللّٰہ دو اور سلمان علی آغا اور ثاقب خان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
قبل ازیں سری لنکا نے پاکستان کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن کے اختتام تک نو وکٹوں پر 309 رنز بنائے تھے، جس کے بعد جمعے کو پہلے ہی سیشن میں مہمان ٹیم کی دوسری اننگز اختتام کو پہنچ گئی۔
سری لنکا کی ٹیم پہلی اننگز میں 98 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی تھی۔ محمد عباس نے 14، رضا اللّٰہ نے 21 اور عامر جمال نے 24 رنز دے کر تین، تین کھلاڑی آؤٹ کیے جب کہ ایک وکٹ ثاقب خان کو بھی ملی۔
بعد ازاں پاکستانی ٹیم نے اپنی پہلی اننگ میں 325 رنز بنائے تھے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہو گیا تھا جب کہ ٹیسٹ سیریز سے قبل تین میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز پاکستان نے 1-2 سے جیتی تھی۔
