خطے میں جاری کشیدگی کے دوران قطر کے وزیرداخلہ کا دورہ پاکستان

قطر کے وزیر داخلہ خلیفہ بن حمد بن خلیفہ آل ثانی جمعرات کو پاکستان پہنچے ہیں جہاں ہوائی اڈے پر ان کا استقبال اپنے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی نے کیا۔

 ان کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکہ اور ایران کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث خطے میں غیر یقینی صورت حال برقرار ہے اور اسلام آباد خلیجی ممالک کے ساتھ قریبی سفارتی روابط، سرمایہ کاری اور سکیورٹی تعاون کے ذریعے اپنی شراکت داریوں کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

امریکہ اور ایران کے درمیان جاری تنازع کے دوران پاکستان اور قطر کے درمیان سفارتی رابطے برقرار رہے ہیں۔ دونوں ممالک نے کشیدگی میں کمی لانے اور مذاکرات کی حوصلہ افزائی کے لیے جاری کوششوں کی حمایت کی ہے۔

پاکستان اور قطر کے درمیان قریبی سفارتی، اقتصادی اور سکیورٹی تعلقات قائم ہیں۔ دونوں ممالک رواں سال علاقائی استحکام اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کے لیے کئی اعلیٰ سطحی ملاقاتیں بھی کر چکے ہیں۔ دونوں ممالک امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں میں بھی شریک رہے ہیں۔

پاکستان کی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، محسن نقوی نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر قطری وزیر داخلہ کا استقبال کیا۔

بیان کے مطابق محسن نقوی نے کہا کہ ’ہم اپنے بھائی کو پاکستان آمد پر دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ دورہ پاکستان اور قطر کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔‘

دورہ کرنے والے قطری وزیر داخلہ قطر کی داخلی سیکیورٹی فورس کے کمانڈر کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہ فورس خلیجی ریاست میں مختلف نوعیت کے داخلی سیکیورٹی امور کی ذمہ دار ہے۔

یہ دورہ دونوں ممالک کے وزرائے داخلہ کے درمیان سکیورٹی تعاون اور علاقائی صورت حال پر ہونے والی متعدد ملاقاتوں کے بعد ہو رہا ہے۔

قطر کی وزارت داخلہ کے مطابق، جولائی میں محسن نقوی نے دوحہ میں اپنے قطری ہم منصب سے ملاقات کی تھی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ سیکیورٹی تعاون کا جائزہ لیا اور اس میں مزید وسعت لانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

دونوں عہدیداروں کی اکتوبر میں دوحہ میں ایک سکیورٹی فورم کے موقع پر بھی ملاقات ہوئی تھی، جس میں مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے تناظر میں علاقائی امن اور استحکام کے امور زیر بحث آئے۔

دونوں ممالک کے تعلقات تجارت، توانائی اور سرمایہ کاری کے شعبوں تک بھی پھیلے ہوئے ہیں۔ قطر طویل المدتی معاہدوں کے تحت پاکستان کو مائع قدرتی گیس (ایل این جی) فراہم کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے، جبکہ پاکستانی تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد قطر میں مقیم اور برسرِ روزگار ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *