ایئر انڈیا کا طیارہ مختصر وقت کے لیے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے کی تحقیقات: انڈیا سول ایوی ایشن

انڈیا کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن (ڈی جی سی اے) نے کہا ہے کہ ایئر انڈیا کی دہلی سے امرتسر جانے والی پرواز AI479 22 جون کو لینڈنگ کی تیاری کے دوران مختصر وقت کے لیے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہو گئی تھی۔

ڈی جی سی اے کے بیان کے مطابق ایئر انڈیا کے ایئربس 321 طیارے (VT-PPV) کو امرتسر ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے قبل ایک پرندے کے ٹکرانے کے واقعے کے بعد رن وے کے معائنے کے باعث انتظار کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔

این ڈی ٹی وی نے بیان کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ طیارہ جب ریڈار کی رہنمائی میں لینڈنگ کی تیاری کر رہا تھا تو مختصر طور پر پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہو گیا۔ اس دوران معاملے پر پاکستان کے ایئر ٹریفک کنٹرول حکام کے ساتھ رابطہ اور رابطہ کاری کی گئی۔

بعد ازاں طیارے کو واپس دہلی موڑ دیا گیا جہاں اس نے بحفاظت لینڈنگ کی۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ڈی جی سی اے نے کہا ہے کہ واقعے کی اطلاع نہ دینے پر امرتسر کے متعلقہ ایئر ٹریفک کنٹرولر اور پرواز چلانے والے عملے کے خلاف عبوری کارروائی کی گئی ہے۔

دوسری جانب ایئر انڈیا نے اپنے بیان میں کہا کہ 22 جون کو دہلی سے امرتسر جانے والی پرواز AI479 کا عملہ امرتسر ایئرپورٹ پر ’گو اَراؤنڈ‘ کی مشق کے دوران معمولی طور پر پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا۔

ایئر انڈیا کے مطابق واقعے کی اطلاع متعلقہ ریگولیٹری حکام کو دے دی گئی ہے جبکہ کمپنی اندرونی سطح پر بھی اس کی تحقیقات کر رہی ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *