انگلینڈ نے جمعرات کو سہ فریقی ون ڈے سیریز کے میچ میں سری لنکا کو 55 رنز سے شکست دے دی۔
بین ڈکٹ کی مسلسل دوسری سینچری اور لیام ڈاسن کی کیریئر کی بہترین بولنگ نے انگلینڈ کو سیریز میں پہلی کامیابی دلائی۔
ڈکٹ نے 132 گیندوں پر کیریئر کے بہترین 167 رنز بنائے، جس کی بدولت انگلینڈ نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 386 رنز بنائے۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
یہ قذافی سٹیڈیم لاہور میں ون ڈے کرکٹ کا اب تک کا سب سے بڑا سکور ہے۔
سری لنکن کپتان کوسل مینڈس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ یہ دورے میں ان کا مسلسل ساتواں ٹاس جیتنا تھا۔
سری لنکا ک پاون رتھنائیکے نے 77 گیندوں پر 118 رنز بنائے۔ انہوں نے گذشتہ ہفتے راولپنڈی میں انگلینڈ کے خلاف غیر معمولی ہدف کے تعاقب میں بھی سینچری اسکور کی تھی۔
تاہم آج وہ 45ویں اوور میں ڈاسن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے اور سری لنکن ٹیم 331 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ ڈاسن نے 49 رنز دے کر چار وکٹیں حاصل کیں۔
یہ 2005 کے بعد پاکستان میں انگلینڈ کی ون ڈے کرکٹ میں پہلی کامیابی تھی۔
اس سے قبل وہ سہ فریقی سیریز کے اپنے ابتدائی تینوں میچ ہار کر ہفتے کو ہونے والے فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکا تھا۔
گذشتہ ہفتے انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک کی ون ڈے کرکٹ کی تیز ترین ڈبل سینچری بھی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی تھی۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سری لنکا نے راولپنڈی میں 430 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا تھا، جو 50 اوورز کی کرکٹ میں دوسرا سب سے بڑا کامیاب ہدف تھا۔
اتوار کو لاہور میں پاکستان کے شاداب خان نے ڈکٹ کی سینچری کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 96 گیندوں پر ناقابلِ یقین 113 رنز بنائے اور پاکستان کو ایک وکٹ سے یادگار فتح دلائی۔
انگلینڈ نے 242 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو 154 رنز پر نو وکٹوں سے محروم کردیا تھا۔
اس سے قبل انگلینڈ کو راولپنڈی میں اپنے افتتاحی میچ میں پاکستان کے خلاف 87 رنز سے شکست ہوئی تھی۔
ہدف کے تعاقب میں ایک وکٹ پر 120 رنز بنانے کے بعد انگلش ٹیم کی بیٹنگ اچانک لڑکھڑا گئی تھی۔
