امریکی نائب صدر منگل کو اسلام آباد کا دورہ کریں گے: رپورٹ

امریکہ اور ایران کے درمیان سیز فائر بدھ کو ختم ہونے جا رہا ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور اسلام آباد میں جلد متوقع۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا مذاکراتی ٹیم اسلام آباد بھیجنے کا اعلان، لیکن ایران تاحال فیصلہ نہ کر سکا۔

لائیو اپ ڈیٹس


امریکی نائب صدر منگل کو اسلام آباد کا دورہ کریں گے: رپورٹ

امریکی ذرائع نے ایکسیوز میڈیا کو بتایا کہ نائب صدر جے ڈی وینس منگل کو ایران سے متعلق مذاکرات کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے۔


جنگ دوبارہ شروع ہوئی تو ’تیاری‘ کر رہے ہیں: ایران

ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر نے کہا ہے کہ اگر دو ہفتے کی جنگ بندی کے بعد لڑائی دوبارہ شروع ہوتی ہے تو ان کا ملک ’میدان جنگ میں نئے کارڈ دکھانے کی تیاری کر رہا ہے۔‘

پاکستان میں ہونے والے گذشتہ مذاکرات میں ایرانی وفد کی قیادت کرنے والے محمد باقر قالیباف نے کہا ’محاصرہ کر کے اور جنگ بندی کی خلاف ورزی کر کے ٹرمپ اس مذاکراتی میز کو سرِ تسلیم خم کی میز بنانا چاہتے ہیں یا حسب منشا لڑائی دوبارہ شروع کرنے کا جواز پیدا کرنا چاہتے ہیں۔‘

انہوں نے ایکس پر لکھا ’ہم دھمکیوں کے سائے میں مذاکرات قبول نہیں کرتے اور گذشتہ دو ہفتوں میں ہم میدان جنگ میں نئے کارڈ دکھانے کی تیاری کر رہے ہیں۔‘ اے ایف پی


امریکہ کی میزبانی میں نئے اسرائیل – لبنان مذاکرات

ایک امریکی اہلکار نے اے ایف پی کو نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ جمعرات کو اسرائیل اور لبنان کے درمیان نئے مذاکرات کی میزبانی کرے گا۔

اہلکار نے کہا ’ہم دونوں حکومتوں کے درمیان براہ راست اور نیک نیتی پر مبنی مذاکرات کو جاری رکھیں گے۔‘


ہرمز کی ناکہ بندی معاہدے تک برقرار رہے گی: ٹرمپ

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کی بندرگاہوں کی امریکی ناکہ بندی اس وقت تک نہیں ہٹائی جائے گی جب تک تہران جنگ کے خاتمے کے لیے امن معاہدے پر رضامند نہیں ہوتا۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا ٹروتھ پر لکھا ’یہ ناکہ بندی، جسے ہم ’معاہدہ‘ ہونے تک نہیں ہٹائیں گے، ایران کو مکمل طور پر تباہ کر رہی ہے۔

’وہ روزانہ 500 ملین ڈالر کھو رہے ہیں، جو ایک ناقابل برداشت رقم ہے، حتیٰ کہ قلیل مدت میں بھی۔‘


اسرائیلی حملوں میں 2387 اموات: لبنان

لبنانی سرکاری ادارے نے نئے اعداد و شمار میں کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں لبنان میں کم از کم 2,387 افراد مارے جا چکے ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *