اسلام آباد میں تین روزہ فیملی فیسٹیول شروع

پاکستان ٹورازم، سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول آٹھ نومبر تک جاری رہے گا جس میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کی ثقافت، روایتی کھانوں اور دستکاریوں کے ساتھ کھیلوں اور خاندانوں کے لیے تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام کیا گیا ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں جمعے کو تین روزہ پاکستان ٹورازم، سپورٹس اینڈ فیملی فیسٹیول 2026 شروع ہو گیا جس میں ملک کی ثقافت، روایتی کھانوں، دستکاریوں، کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کو پیش کیا جا رہا ہے۔

سیاحتی مقامات کو متعارف کرانے کے ساتھ شہریوں کے لیے کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

چھ سے آٹھ نومبر تک جاری رہنے والا یہ فیسٹیول پاکستان سپورٹس کمپلیکس، ایف نائن پارک اور مارگلہ ہلز میں منعقد کیا جا رہا ہے جس کا مقصد پاکستانی ثقافت اور سیاحت کو فروغ دینے کے ساتھ مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے۔

200 سے زائد سٹالز

فیسٹیول میں 200 سے زائد نمائشی اور تجارتی سٹالز قائم کیے گئے ہیں جن میں 14 غیر ملکی سٹالز بھی شامل ہیں۔

 ان سٹالز پر مختلف ممالک کی ثقافت اور مصنوعات پیش کی جا رہی ہیں۔

چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ثقافتی پویلین بھی قائم کیے گئے ہیں، جہاں آنے والے افراد کو پاکستان کے مختلف علاقوں کی روایات، دستکاریوں، کھانوں اور سیاحتی مقامات سے روشناس کرایا جا رہا ہے۔

شہریوں اور خاندانوں کی دلچسپی کے لیے فوڈ سٹریٹ، دستکاریوں کے سٹالز، بچوں کے جھولے، میجک شوز، سرکس اور پیٹ شو کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ تیراندازی اور راک کلائمبنگ جیسی سرگرمیاں بھی فیسٹیول کا حصہ ہیں۔

فیسٹیول میں شریک خاندانوں کا کہنا ہے کہ انہیں ایک ہی جگہ بچوں کی تفریح کے ساتھ ملک کے مختلف علاقوں کے روایتی کھانوں اور ثقافتی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع مل رہا ہے۔

سائیکلنگ، کار شو اور میوزیکل کنسرٹ بھی شیڈول

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فیسٹیول کے دوسرے روز، سات نومبر کو صبح آٹھ بجے سائیکلنگ مقابلے منعقد ہوں گے جبکہ ایف نائن پارک میں صبح 10 بجے ٹینٹ پیگنگ کے مقابلوں کا اہتمام کیا جائے گا۔

اسی روز غیر ملکی سفارت کاروں کی آمد بھی متوقع ہے جبکہ کار شو، ڈبل ڈیکر بس سفاری، ثقافتی پرفارمنس، آتش بازی اور میوزیکل کنسرٹ بھی شیڈول ہیں۔

آخری روز بچوں اور فیملی کے لیے خصوصی سرگرمیاں

فیسٹیول کے تیسرے اور آخری روز، آٹھ نومبر کو فیملی اینڈ کڈز رن اینڈ رائیڈ کا انعقاد کیا جائے گا جس میں بچوں اور خاندانوں کے لیے سرگرمیاں رکھی گئی ہیں۔

اسی روز مختلف کھیلوں اور مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے شرکا میں انعامات بھی تقسیم کیے جائیں گے۔

منتظمین کا مقصد اس تین روزہ فیسٹیول کے ذریعے پاکستان کے ثقافتی تنوع، سیاحتی مقامات اور روایتی کھیلوں کو اجاگر کرنا اور شہریوں کو ایک ہی جگہ تفریح، ثقافت اور کھیلوں کی سرگرمیوں میں شرکت کا موقع فراہم کرنا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *