ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے پیر کو امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت کا سامنا کرنے والے ایران اور اس کے عوام کے ساتھ پاکستان کی دکھائی گئی ’بھرپور یکجہتی اور حمایت‘ پر حکومت پاکستان اور اس کی عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
عراقچی نے ایکس پر اردو میں جاری بیان میں لکھا ’میں حکومت اور عوام پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے امریکہ اور صہیونی رجیم کی جارحیت کے مقابلے میں عوام اور حکومت اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اپنی یکجہتی اور حمایت کا بھرپور اظہار کیا۔‘
ان بابرکت، الٰہی اور روحانی دنوں اور گھڑیوں میں،
میں حکومت اور عوامِ پاکستان کا تہہِ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے امریکہ اور صہیونی رجیم کی جارحیت کے مقابلے میں عوام اور حکومتِ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اپنی یکجہتی اور حمایت کا بھرپور اظہار کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’اللہ تعالیٰ پر مکمل بھروسے کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع میں ثابت قدم اور پرعزم ہے، اور ثابت قدمی و استقامت کے ساتھ کھڑا رہے گا۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایران کی اسرائیل اور امریکہ سے لڑائی تیسرے ہفتے میں داخل ہو چکی ہے اور اس دوران پاکستان نے سفارتی محاذ پر سرگرم کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار مسلسل مختلف ممالک کے رہنماؤں سے رابطے میں ہیں اور کشیدگی میں کمی کی اپیل کر رہے ہیں۔
شہباز شریف نے 12 مارچ کو سعودی عرب کا مختصر دورہ بھی کیا جہاں ان کی ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات ہوئی۔
اس ماہ کے آغاز میں سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا تھا کہ پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی سہولت دینے کی پیشکش کی ہے تاکہ لڑائی کا سلسلہ ختم ہو سکے۔
انہوں نے ایران کے پرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی کے حق کی بھی حمایت کی۔
