پاکستان میں فائیو جی سپیکٹرم کے 480 میگا ہرٹز 50 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز میں نیلام کر دیے گئے، جبکہ نیلامی کا عمل دو روز بعد (جمعرات کو) مکمل ہو گا۔
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ حکومت نے شعبے کی پائیدار ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے فائیو جی کی پالیسی مرتب کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’نیلامی کا مقصد محض زیادہ سے زیادہ فوری آمدن کا حصول نہیں بلکہ ٹیلی کام آپریٹروں کو نیٹ ورک کی توسیع اور انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے بہتر مواقع فراہم کرنا بھی ہے۔ اس سے ملک بھر کے صارفین کو جدید، معیاری اور تیز رفتار ڈیجیٹل خدمات مل سکیں گی۔‘
منگل کو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اسلام آباد میں فائیو جی سپیکٹرم نیلامی کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے 597 میگاہرٹز میں سے 480 میگاہرٹز سپیکٹرم فروخت کر دیے۔
ٹیلی کام آپرئٹرز جاز، زونگ اور یوفون نے نیکسٹ جنریشن کی موبائل سروسز متعارف کرانے اور ڈیجیٹل رابطے کو وسعت دینے کے لیے فریکوئنسیز حاصل کیں۔
اس نیلامی میں جاز سب سے بڑا خریدار بن کر سامنے آیا ہے، جس نے 190 میگا ہرٹز خریدے جبکہ یوفون نے 180 اور زونگ نے 110 میگا ہرٹز سپیکٹرم خریدے۔
فائیو جی سپیکٹرم مجموعی طور پر 50 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز میں نیلام ہوا ہے۔
پاکستان کے ادارہ برائے شماریات کے مطابق ملک میں تقریبا 15 کروڑ انٹرنیٹ صارفین ہیں۔ یہ تعداد سال 2019 سے دوگنا ہے، لیکن اس کے باوجود صارفین کو اکثر رفتار اور استحکام کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
جہاں ایک جانب شہری علاقوں میں بظاہر ’تیز سپیڈ والا انٹرنیٹ‘ دستیاب ہے، وہیں دوسری جانب دیہی اور دور دراز علاقوں میں صارفین کو ’کم رفتار انٹرنیٹ‘ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ریٹائرڈ) حفیظ الرحمن نے فائیو جی سپیکٹرم کی نیلامی سے متعلق کہا کہ اس کا مقصد سپیکٹرم کی کمی کو دور کرنا اور پاکستان کے ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی توسیع کی حمایت کرنا ہے۔
حفیظ الرحمن نے کہا کہ ادارے کی جانب سے صارف دوست اقدامات اٹھائے گئے ہیں، جن میں رائٹ آف وے چارجز کو صفر کرنا بھی شامل ہے، تاکہ نیٹ ورک کی تیز رفتار توسیع کو ممکن بنایا جا سکے اور ٹیلی کام آپریٹرز کو درپیش رکاوٹوں میں کمی لائی جا سکے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ سپیکٹرم کی نیلامی سے آئی ٹی برآمدات بڑھیں گی۔
’وزیر اعظم نے کل آن لائن کلاسز، ورک فرام ہوم کا اعلان کیا، علاقائی تنازع کے دوران یہ اقدامات اہم ہیں، اس سب کے لیے ہمیں سپیکٹرم کی ضرورت ہے،سپیکٹرم کی نیلامی کنیکٹوٹی کو بہتر بنائے گی۔‘
جاز کے سی ای او عامر ابراہیم نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ ’اگر پی ٹی اے اجازت دیتا ہے تو کل سے شروع ہونے والی 180 جاز سائٹس فائیو جی کے لیے تیار ہیں اور فائیو جی ٹیکنالوجی کے استعمال کے انتظار میں ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ یہ نہ صرف ہمارے لیے ایک ٹیلی کام کمپنی کے طور پر اور ہمارے لیے نہ صرف صنعت کے ایک حصے کے طور پر بلکہ ایک ملک کے طور پر ہمارے لیے ایک بہت ہی قابل فخر لمحہ ہے اور ہم مضبوط ڈیجیٹل ڈھانچے پر بنے پاکستان کو آگے بڑھنے کے منتظر ہیں۔
زونگ، جو چائنا موبائل کا ذیلی ادارہ ہے، نے ایک بیان میں کہا کہ فائیو جی سپیکٹرم کی کامیاب نیلامی کے بعد کمپنی کنیکٹیویٹی کی ایک نئی نسل کو متعارف کروانے کے لیے تیار ہے، جو نہ صرف تیز تر، بلکہ ہوشیار، زیادہ جوابدہ اور پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کے لیے بنایا گیا ہے۔
