مشرق وسطیٰ میں اسرائیل اور امریکہ کے ایران پر حملے کے بعد درمیان بڑھتی کشیدگی کے باعث عالمی فضائی آپریشن شدید متاثر ہو گیا ہے جبکہ دنیا بھر میں ہزاروں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہو گئی ہیں۔
ایران کی جانب سے امریکی اور اسرائیلی حملوں کے جواب میں کارروائیوں کے بعد مشرق وسطیٰ کے بڑے فضائی مراکز، خصوصاً دبئی اور دوحہ، عارضی طور پر بند ہو گئے جس کے باعث عالمی فضائی ٹریفک کو کووڈ وبا کے بعد سب سے بڑے بحران کا سامنا ہے۔
فضائی نگرانی کی ویب سائٹ کے مطابق اتوار کی صبح تک دنیا بھر میں 6،700 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار جبکہ تقریباً 1،900 پروازیں منسوخ کی جا چکی تھیں جبکہ ایک روز قبل بھی ہزاروں پروازیں متاثر ہوئی تھیں۔
اتوار کو اسرائیل اور ایران کے درمیان نئے حملوں کا تبادلہ ہوا، ایک روز قبل تہران نے جوابی کارروائی میں دبئی انٹرنیشنل ائیرپورٹ، جو بین الاقوامی مسافروں کے لحاظ سے دنیا کا مصروف ترین ائیرپورٹ ہے اور کویت کے مرکزی ائیرپورٹ کو نشانہ بنایا تھا۔
ایران، عراق، اسرائیل، شام، کویت، قطر اور متحدہ عرب امارات نے اپنی فضائی حدود جزوی یا مکمل طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہوا ہے جس سے خطے کے اوپر شہری فضائی آمدورفت تقریباً معطل ہو کر رہ گئی۔ اردن نے بھی اپنی فضائی حدود کے دفاع کے لیے فضائی مشقیں شروع کر دیں۔
متعدد بڑی عالمی ایئرلائنز بشمول امارات، اتحاد، ایئر فرانس، برٹش ایئرویز، ترک ایئرلائنز، لفتھانسا، پی آئی اے اور ایئر انڈیا دیگر فضائی کمپنیوں نے خطے کے لیے اپنی پروازیں منسوخ یا معطل کر دیں۔
قطر ایئرویز نے دوحہ سے تمام پروازیں روک دیں جبکہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے بھی متحدہ عرب امارات، بحرین، دوحہ اور کویت کے لیے پروازیں عارضی طور پر بند کر دیں۔
روس کی فضائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے کہا کہ اسرائیل اور ایران کے لیے تمام کمرشل پروازیں مزید اطلاع تک منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ترک ایئرلائنز نے لبنان، شام، عراق، ایران اور اردن کے لیے پروازیں دو مارچ تک منسوخ کر دیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
ایئر فرانس نے دبئی، ریاض، بیروت اور تل ابیب کی پروازیں اتوار تک منسوخ کر دیں، یوں پہلے سے جاری معطلی میں توسیع کر دی گئی۔
برٹش ایئرویز نے کہا کہ وہ چار مارچ تک تل ابیب اور بحرین کے لیے پروازیں نہیں چلائے گی جبکہ ہفتے کے روز اردن کے دارالحکومت عمان کی پروازیں بھی منسوخ کر دی گئیں۔
سوئس انٹرنیشنل ایئر لائنز نے سات مارچ تک تل ابیب آنے جانے والی پروازیں معطل کر دیں اور زیورخ سے دبئی کے لیے ہفتہ اور اتوار کی پروازیں بھی منسوخ کر دیں۔
جرمنی کی لفتھانسا، جس میں سوئس اور آئی ٹی اے ایئرویز شامل ہیں، نے تل ابیب، بیروت، عمان، اربیل اور تہران کے لیے پروازیں سات مارچ تک منسوخ کر دیں۔
ایئرلائن گروپ اور اس کی ذیلی کمپنیوں نے دبئی اور ابو ظہبی کے لیے پروازیں بھی اتوار تک معطل رکھیں۔
یورپ، شمالی امریکہ، ایشیا پیسفک اور افریقا کی کئی ایئرلائنز نے بھی اسرائیل، دبئی، دوحہ اور دیگر مشرق وسطیٰ کے شہروں کے لیے اپنی سروسز معطل کر دی ہیں، جس کے باعث عالمی فضائی سفر شدید متاثر ہو رہا ہے اور آئندہ دنوں میں مزید منسوخیوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
