پی آئی اے کا بیک وقت 50 طیارے خریدنے کا منصوبہ

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) 2027 کی پہلی سہ ماہی میں 50 سے زائد طیاروں کا تاریخی آرڈر دینے کی تیاری کر رہی ہے۔

یہ اقدام طیاروں کے بیڑے کو جدید بنانے اور فضائی نیٹ ورک کو وسعت دینے کی ایک بڑی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

جریدے ’ایوی ایشن ویک‘ نے رواں ہفتے پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایڈرین ہیملٹن مینز کے حوالے سے یہ رپورٹ کیا ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

ایئرلائن کے مطابق پی آئی اے کے بیڑے میں اس وقت 31 طیارے شامل ہیں، جن میں 12 بوئنگ 777، 16 ایئربس اے 320 اور تین اے ٹی آر طیارے ہیں۔

ایئرلائن نے یکم نومبر کو اعلان کیا تھا کہ اس کا پہلا بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارہ لندن سے پرواز کرتے ہوئے پاکستان پہنچ گیا ہے۔

’ایوی ایشن ویک‘ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ایڈرین ہیملٹن مینز نے انکشاف کیا کہ ایئرلائن کی انتظامیہ 20 وائیڈ باڈی اور 30 نیرو باڈی طیارے حاصل کرنے کے منصوبے کو حتمی شکل دے رہی ہے۔

ان کے مطابق اس معاہدے کو حتمی شکل دیے جانے کے بعد یہ پاکستان کی ہوا بازی کی تاریخ میں ’ایک ہی بار میں طیاروں کی خریداری کا سب سے بڑا آرڈر‘ ہو گا۔

ان کا کہنا تھا ’اس وقت طیاروں کی خصوصیات کے حوالے سے کام جاری ہے اور صرف انہی ماڈلز کو بیڑے میں شامل کیا جائے گا جو ہمارے آپریشنل ڈھانچے اور فضائی نیٹ ورک کی ضروریات سے مطابقت رکھتے ہوں۔‘

رپورٹ کے مطابق ہیملٹن مینز نے اس بات پر زور دیا کہ مسافروں کا آرام اور جدید ترین سہولیات سے آراستہ طیاروں کے کیبن ایئرلائن کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ طیارے براہ راست خریداری، لیزنگ اور طویل مدتی مالیاتی انتظامات کے امتزاج کے ذریعے حاصل کیے جائیں گے۔

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹیو کے مطابق طیاروں کے حصول کے دو مقاصد ہیں: فضائی نیٹ ورک کی توسیع کے لیے بیڑے کا مجموعی حجم بڑھانا اور پرانے طیاروں، خصوصاً پی آئی اے کے پرانے بوئنگ 777 طیاروں کی جگہ جدید ٹیکنالوجی اور کیبن سہولیات سے آراستہ، کم ایندھن استعمال کرنے والے طیارے شامل کرنا۔

نئے طیاروں کو بیڑے میں شامل کرنے کے ساتھ ساتھ ایئرلائن اپنے انجینیئرنگ کے شعبے کو مضبوط بنانے اور نئی نسل کے طیاروں کے لیے تکنیکی ڈھانچے کو تیار کرنے کی کوششیں بھی تیز کر رہی ہے۔

اس سلسلے میں انجینیئرز اور فضائی عملے کی مہارتوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

فضائی روٹس میں توسیع کے حوالے سے چیف ایگزیکٹیو نے بتایا کہ یورپ اور برطانیہ کے لیے پروازوں کی تعداد بڑھانے کے علاوہ پی آئی اے شمالی امریکہ کے لیے فضائی روٹس شروع کرنے میں بھی گہری دلچسپی رکھتی ہے۔

ان کے مطابق قابلِ اعتماد اور براہ راست فضائی سروس کی مارکیٹ میں طلب خاصی زیادہ ہے۔

ایئرلائن چین اور مشرق بعید کے کئی نئے مقامات کے لیے بھی پروازیں شروع کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا ’پاکستان ایک وسیع ملک ہے جس کی آبادی بھی بہت زیادہ ہے اور عالمی سطح پر وسیع فضائی نیٹ ورک رکھنے والی اعلیٰ معیار کی ایئرلائن ملک کی بنیادی ضرورت ہے۔‘

پاکستان نے دسمبر 2025 میں اپنی سابق قومی ایئرلائن پی آئی اے کی نجکاری کر دی تھی، جس کے تحت عارف حبیب کارپوریشن کی قیادت میں قائم کنسورشیم نے ایئرلائن کے 75 فیصد حصص 135 ارب روپے (48 کروڑ 20 لاکھ ڈالر) میں خریدنے پر اتفاق کیا تھا۔

اس معاہدے میں ایئرلائن کی مجموعی مالیت 180 ارب روپے (64 کروڑ 30 لاکھ ڈالر) لگائی گئی تھی۔

فروخت سے قبل پی آئی اے کو مجموعی طور پر دو ارب 80 کروڑ ڈالر سے زائد کا نقصان ہو چکا تھا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *