2027 میں پاکستانی سینیما کی بحالی کے کتنے امکانات؟

پاکستانی فلمی صنعت ایسے دوراہے پر کھڑی ہے جہاں اس کا مستقبل محض نئی فلموں کی نمائش سے نہیں بلکہ بدلتے ہوئے فلمی رجحانات اور ناظرین کی توقعات کو سمجھنے سے جڑا ہوا ہے۔

نیٹ فلکس، ایمزون پرائم اور دیگر آن لائن پلیٹ فارمز نے ناظرین کو گھر بیٹھے دنیا بھر کی معیاری فلموں اور سیریز تک رسائی دے دی ہے۔

اس تبدیلی نے سینیما گھروں کے لیے مقابلہ مزید سخت کر دیا ہے۔ آج صورت حال یہ ہے کہ مقامی فلمیں شائقین کو دوبارہ سینیما گھروں تک لانے میں ناکام ہیں۔

اس صورت حال میں پنجاب اور سندھ کی حکومتوں کی جانب سے فلم سازوں کے لیے مالی معاونت اور لاہور میں فلم سٹی کے قیام نے پاکستانی سینیما کے مستقبل کے حوالے سے نئی امیدیں پیدا کی ہیں۔ 

فلم سٹی جیسے منصوبے نہ صرف فلم سازی کے لیے جدید سہولیات فراہم کرنے بلکہ مقامی فلمی صنعت کو ایک منظم بنیاد دینے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

تاہم اصل سوال یہ ہے کہ کیا یہ اقدامات ایسی معیاری فلموں کی تیاری میں مددگار ثابت ہوں گے جو ناظرین کی توجہ حاصل کرنے کے ساتھ مالی اعتبار سے بھی کامیاب ہو سکیں؟

اب مقابلہ صرف مقامی فلموں کے درمیان نہیں رہا۔ پاکستانی فلم سازوں کو عالمی معیار کی کہانیوں، بہترین اداکاری اور معیاری فلم سازی کا بھی سامنا ہے۔

ناظرین اب صرف پسندیدہ اداکاروں کو دیکھنے کے لیے سینیما جانے کا فیصلہ نہیں کرتے بلکہ یہ دیکھتے ہیں کہ کوئی فلم بڑی سکرین پر دیکھنے کے قابل بھی ہے یا نہیں۔

ایسے میں سوال یہ ہے کہ کیا پاکستانی ناظرین نے فلمیں دیکھنا چھوڑ دی ہیں یا مقامی فلم انڈسٹری ان کی بدلتی ہوئی پسند کے مطابق خود کو ڈھالنے میں ناکام رہی ہے؟

2027 میں پاکستانی سینیما کی بحالی کے کتنے امکانات ہیں اور اس کے لیے کن تبدیلیوں کی ضرورت ہے؟

  کہانی، موضوعات اور ناظرین کی بدلتی پسند

پاکستانی فلموں کی طرف اگر شائقین متوجہ نہیں ہو رہے تو اس کی ایک بڑی وجہ کمزور کہانیاں، روایتی موضوعات اور کرداروں میں یکسانیت بھی ہے۔

صرف معروف فنکاروں کو فلم میں شامل کرنے یا بھاری سرمایہ کاری کرنے سے کامیابی حاصل نہیں کی جا سکتی۔

فلم کی اصل طاقت اس کی کہانی ہوتی ہے جو ناظرین کو متاثر کرے اور ان کے ساتھ جذباتی تعلق قائم کر سکے۔

’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی کامیابی نے ثابت کیا کہ مضبوط کہانی، بہترین اداکاری اور معیاری فلم سازی کے ذریعے پاکستانی فلمیں ملک اور بیرونِ ملک شائقین کی توجہ حاصل کر سکتی ہیں۔

 ضرورت اس بات کی ہے کہ فلم سازی کو چند روایتی موضوعات تک محدود رکھنے کے بجائیروٹین سے ہٹ کر کہانیوں پر کام کیا جائے۔

نئے لکھنے والوں اور ہدایت کاروں کو مواقع دینا بھی ضروری ہے تاکہ فلمی صنعت میں نئے خیالات اور تخلیقی تنوع پیدا ہو۔

فلم ڈسٹری بیوٹر اور سینیما ایگزیبیٹر ندیم مانڈوی والا نے انڈپینڈنٹ اردو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کا سب سے بڑا مسئلہ فلموں کی کم تعداد ہے۔

انہوں نے کہا ’یہاں سالانہ بمشکل 10 سے 12 فلمیں بنتی ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ پاکستان میں فلم سازی کا عمل مسلسل جاری رہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی سطح پر فلمی صنعت کی سرپرستی اور گرانٹس کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے کیوں کہ فلم سازوں کے آمدن کے ذرائع محدود ہیں جب کہ عالمی سطح پر میوزک، سیٹلائٹ اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے حقوق بھی فلم کی لاگت پوری کرنے میں مدد دیتے ہیں۔

ندیم مانڈوی والا کے مطابق ’نئی نسل کے بدلتی ترجیحات کے مطابق سینیما تخلیق کرنے، سکرینز بڑھانے اور سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

’ہالی وڈ فلموں کا پاکستان میں اچھا بزنس اس بات کا ثبوت ہے کہ ناظرین سینیما آنا چاہتے ہیں لیکن انہیں معیاری مقامی فلمیں فراہم کرنا ہوں گی۔‘

انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومتی معاونت اور نئی نسل کی شمولیت سے 2027 میں بہتری کا آغاز ہوگا اور آنے والے برسوں میں پاکستانی سینیما مزید ترقی کرے گا۔

’عالمی فلمی صنعت سے سیکھنے کی ضرورت‘

دنیا کی کامیاب فلمی صنعتوں نے ثابت کیا ہے کہ اپنی زبان اور ثقافت سے جڑی کہانیاں بھی عالمی سطح پر مقبول ہو سکتی ہیں۔ 

جنوبی کوریا نے اپنی مقامی کہانیوں کو دنیا بھر میں متعارف کرایا، جب کہ انڈیا کی تمل، تلیگو اور ملیالم فلموں نے مختلف موضوعات اور علاقائی ثقافتوں کے ذریعے اپنے ناظرین کا دائرہ وسیع کیا۔

پاکستان میں بھی پنجابی، پشتو، سندھی، بلوچی اور دیگر علاقائی زبانوں میں فلم سازی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

ملک کی ثقافتی رنگا رنگی اور سماجی مسائل ایسے موضوعات فراہم کرتے ہیں جن پر اچھی فلمیں بنائی جا سکتی ہیں۔

اس کے لیے نئے فلم سازوں کی حوصلہ افزائی اور انہیں اپنی تخلیقی صلاحیتیں دکھانے کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔

معروف ہدایت کار شہزاد رفیق نے اس ضمن میں کہا کہ2027  پاکستانی سینیما کی بہتری کا سال ثابت ہوگا، اس میں فلم سازی کا عمل تیز ہوگا۔ اس وقت کئی فلمیں زیرِ تکمیل ہیں۔

ان کا کہنا تھا ’ہم فلموں کی موثر تشہیر اور مارکیٹنگ کے میدان میں مار کھاتے ہیں۔ فلم کی کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ پری پروڈکشن ہی میں اس کے ہدفی ناظرین اور تشہیر کی حکمت عملی طے کر لی جائے۔ 

’مارکیٹنگ کے لیے پیشہ ور افراد کی خدمات حاصل کرنے اور ڈسٹری بیوٹرز سے مؤثر رابطہ رکھنے کی بھی ضرورت ہے۔‘

انہوں نے ٹکٹوں کی قیمتوں کو اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سینیما کا ٹکٹ اتنا مہنگا نہیں ہونا چاہیے کہ متوسط اور بالائی متوسط طبقہ فیملی کے ساتھ فلم نہ دیکھ سکے۔

فہد مصطفیٰ اور ماہرہ خان کی فلم ’آگ لگے بستی میں‘ کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبول فن کاروں اور مؤثر تشہیر نے شائقین کو سینیما تک لانے میں کردار ادا کیا۔ تاہم فلم کی کامیابی کی اصل وجہ اس کا معیاری ہونا تھا۔ 

انہوں نے مزید کہا ’اچھی فلم ہی ناظرین کو دوبارہ سینیما کی طرف متوجہ کرتی ہے۔ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور سینیما دونوں کی اپنی اہمیت ہے۔

’جس طرح گھر بیٹھے کھانا منگوانے کے باوجود کبھی ریستوران جانے کا دل چاہتا ہے، اسی طرح سینیما بھی ایک منفرد تجربہ فراہم کرتا ہے۔

 فلم سے آمدن کے نئے ذرائع تلاش کرنا ہوں گے

پاکستانی فلم انڈسٹری کا ایک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ فلم سازوں کا زیادہ تر انحصار سینیما گھروں میں ٹکٹوں کی فروخت پر رہتا ہے جب کہ دنیا بھر میں فلموں سے آمدن کے کئی دوسرے ذرائع بھی موجود ہیں۔

ٹیلی ویژن چینلز، آن لائن فلمی پلیٹ فارمز، موسیقی اور فلم دکھانے کے حقوق بھی آمدن کا اہم ذریعہ بنتے ہیں۔

پاکستان میں ان ذرائع سے فائدہ اٹھانے کے لیے فلم سازوں، ٹی وی چینلز اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے درمیان بہتر تعاون کی ضرورت ہے۔ 

اس طرح فلم کی سینیما میں نمائش کے بعد بھی اس سے آمدن حاصل کی جا سکتی ہے اور فلم سازوں کے لیے اپنی سرمایہ کاری واپس حاصل کرنے کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔

فلم سٹار ریشم نے کہا کہ سینیما گھروں میں شائقین کی کم ہوتی تعداد صرف پاکستان تک محدود نہیں بلکہ انڈین فلم انڈسٹری بھی اس صورت حال سے دوچار ہے۔ 

عالیہ بھٹ کی فلم ’الفا‘ اور ’کاک ٹیل 2‘ کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا ’بڑی کاسٹ بھی فلم کی کامیابی کی ضمانت نہیں ہوتی۔ اچھی کہانی اور معیاری مواد ہی ناظرین کو سینیما تک لاتا ہے۔‘

موجودہ فلمی منظرنامے کی وضاحت کرتے ہوئے انہوں نے انڈسٹری کو ایسے میدان سے تشبیہ دی جہاں چند ہی گھوڑے دوڑ میں حصہ لیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کبھی ہمایوں سعید کی فلم سامنے آتی ہے اور کبھی شان کی، کوئی ایک فلم کامیاب ہو جاتی ہے لیکن اس کے بعد میدان دوبارہ خالی ہو جاتا ہے۔ 

ان کے مطابق پاکستانی سینیما کو چند کامیاب فلموں کی بجائے مسلسل معیاری فلم سازی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں ایسی فلمیں بنیں گی جو عالمی سطح پر بھی پاکستان کی پہچان بن سکیں۔

 فلموں کی نمائش، سکرینز اور بڑھتے اخراجات

فلم اچھی ہونے کے باوجود اگر مناسب تعداد میں سینیما گھروں تک نہ پہنچ سکے تو یقیناً فلم میکر کو دھچکا لگتا ہے۔

پاکستان میں سینیما سکرینز کی کمی، بعض سینیما گھروں کا غیر فعال ہونا اور فلم کی نمائش پر آنے والے اخراجات فلم سازوں کے لیے مشکلات پیدا کرتے ہیں۔

دوسری طرف اگر کسی فلم کو مناسب وقت اور زیادہ سینیما گھروں میں نمائش کا موقع نہ ملے تو اچھی فلم بھی اپنی لاگت پوری کرنے میں مشکلات کا شکار ہو سکتی ہے۔

 فلم سازوں کوسرمایہ کاری کرتے وقت اپنی فلم کے ممکنہ ناظرین اور اخراجات کا حقیقت پسندانہ اندازہ لگانے کی بھی ضرورت ہے۔

 مارکیٹنگ، ٹکٹوں کی قیمت اور حکومتی کردار

فلم کی کامیابی کے لیے مؤثر تشہیر بھی ضروری ہے۔ صرف ٹریلر جاری کرنا یا فلم کی نمائش سے چند روز پہلے اشتہاری مہم شروع کرنا کافی نہیں۔

 فلم سازوں کو ٹی وی چینلز، سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع کے ذریعے فلم کی تشہیر کا ایسا پلان بنانا چاہیے جو نمائش سے پہلے ہی ناظرین کی دلچسپی پیدا کر سکے۔

عید پر متعدد مقامی فلموں کی بیک وقت نمائش بھی بعض اوقات ایک دوسرے کے لیے مشکلات پیدا کرتی ہے جب کہ سال کے باقی مہینوں میں مقامی فلموں کی کمی رہتی ہے۔

اس لیے فلموں کی نمائش کا ایسا سالانہ شیڈول ہونا چاہیے جس سے پوری صنعت کو فائدہ پہنچے۔

دوسری جانب ٹکٹوں اور کھانے پینے کی اشیا کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے فیملیز کے لیے سینیما جانا مہنگا بنا دیا ہے۔

مناسب قیمتوں، فیملی کے لیے رعایتوں اور بڑے شہروں سے باہر سینیما گھروں کی سہولت میں اضافے سے زیادہ لوگوں کو فلم دیکھنے کی طرف راغب کیا جا سکتا ہے۔

اداکار، لکھاری اور ہدایت کار یاسر حسین نے کہا بہت سی فلموں کی ناکامی کی بنیادی وجہ کمزور سکرپٹ ہے جب کہ بعض اچھی فلمیں مناسب مارکیٹنگ اور تشہیر نہ ہونے کے باعث ناظرین تک نہیں پہنچ پاتیں۔ 

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ فلم سازوں اور ناظرین کے درمیان بھی ایک فاصلہ پیدا ہو چکا ہے۔

’پاکستانی سینیما کئی سال تک فعال نہیں رہا، اس لیے اس طویل عرصے کے خلا کو پُر کرنے میں بھی وقت لگے گا۔‘

یاسر حسین کے بقول ’ایک دور میں پاکستان میں پنجابی اور پشتو سمیت علاقائی زبانوں کی فلمیں سینیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش ہوتی رہیں۔ تاہم اردو فلم کو دوبارہ اپنی جگہ بنانے کے لیے بھی کچھ وقت درکار ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا اس کے باوجود آج بھی کئی پروڈکشن ہاؤسز اور فلمیں ایسی ہیں جو ناظرین کو سینیما گھروں تک لانے میں کامیاب ہو رہی ہیں۔

’اگر سکرپٹ اچھا ہو اور فلم معیاری انداز میں بنائی جائے تو ناظرین اسے ضرور پسند کرتے ہیں۔ ایسا نہیں کہ پاکستان میں فلمیں نہیں چلتیں۔ ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ اس کی ایک اچھی مثال ہے۔‘ 

انہوں نے کہا اس فلم کا سکرپٹ مضبوط تھا۔ فلم بھی عمدہ بنی اور اس نے باکس آفس پر بہترین بزنس کیا۔ اسی طرح ’آگ لگے بستی میں‘ کی کہانی بھی دلچسپ تھی اور ناظرین نے اسے پسند کیا۔ 

ان کے بقول ’اچھی فلمیں بن رہی ہیں۔2027 پاکستانی فلموں کے لیے ایک اچھا سال ثابت ہوگا، کیوں کہ حکومت نے بھی اس شعبے کی سرپرستی اور معاونت کے لیے قدم آگے بڑھایا ہے۔

’جب حکومت کسی شعبے کی حمایت کرتی ہے تو اس سے وابستہ فلم سازوں کا حوصلہ بڑھتا ہے۔

’امید ہے کہ 2027 میں ریلیز ہونے والی فلمیں ناظرین کو دوبارہ سینیما گھروں تک لانے میں کامیاب ہوں گی۔‘

سینیئر اداکار غلام محی الدین نے، جو پنجاب حکومت کے فنڈ سے فلم ’ریڈ لائن‘ بنا رہے ہیں، کہا کہ پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے 2027 اچھا سال ثابت ہوگا  کیوں کہ پنجاب حکومت کی فنڈنگ اور وزیراعلیٰ مریم نواز، مریم اورنگزیب سمیت متعلقہ حکام کی کوششوں سے طویل عرصے بعد فلم سازی کا کام دوبارہ شروع ہو رہا ہے۔

ان کے مطابق ’نئی نسل کو سینیما تک لانے کے لیے صرف اچھی فلمیں بنانا کافی نہیں بلکہ سینیما گھروں کی تعداد بڑھانا اور ٹکٹوں کو عوام کی پہنچ میں لانا بھی ضروری ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ چھوٹے شہروں میں سینیما گھروں کی عدم دستیابی ایک بڑا مسئلہ ہے، اس لیے ون ڈالر سینیما کا آغاز اور بند سینیما ہاؤسز کی بحالی خوش آئند اقدامات ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں ناقص کہانیوں اور کمزور فلم سازی نے بھی شائقین کو سینیما سے دور کیا۔

’فلم کی مؤثر مارکیٹنگ اور زیادہ سے زیادہ سینیما گھروں میں نمائش ضروری ہے تاکہ سرمایہ منافع کے ساتھ واپس آئے اور فلم سازی کا سلسلہ جاری رہ سکے۔‘

ان کے خیال میں اچھی کہانیوں اور نئے منصوبوں کے باعث 2027 پاکستانی سینیما کے لیے امید افزا ثابت ہو سکتا ہے۔

 2027 ئئی فلمیں یا نئی سمت؟

2027 پاکستانی سینیما کے لیے ایک اہم سال ثابت ہو سکتا ہے لیکن اس کا انحصار صرف نئی فلموں کی تعداد پر نہیں ہو گا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ ان فلموں میں ناظرین کو اپنی طرف متوجہ کرنے کی کتنی صلاحیت ہے اور کیا فلم ساز بدلتے ہوئے رجحانات کو سمجھتے ہوئے نئی کہانیاں پیش کر رہے ہیں؟

پاکستانی ناظرین آج بھی اچھی فلم دیکھنے کے لیے تیار ہیں لیکن اب انہیں اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے ماضی کے طریقوں پر انحصار کافی نہیں۔

مضبوط کہانیاں، معیاری فلم سازی، مناسب ٹکٹوں کی قیمتیں، بہتر تشہیر اور فلموں کو زیادہ سے زیادہ ناظرین تک پہنچانے کا مؤثر نظام ضروری ہے۔

اگر حکومتی معاونت کو درست سمت میں استعمال کیا جائے اور فلم سازوں، سرمایہ کاروں، سینیما مالکان اور تقسیم کاروں کے درمیان تعاون پیدا ہو تو 2027 پاکستانی سینیما کی بحالی کی بنیاد بن سکتا ہے۔

بصورت دیگر صرف نئی فلموں کی نمائش سے سینیما گھروں کی رونق واپس لانا ممکن نہیں ہوگا۔

پاکستان میں فلم سازی کے مستقبل کے حوالے سے لاہور میں فلم سٹی کے قیام کا منصوبہ بھی اہمیت رکھتا ہے۔

اگر اس منصوبے کو عملی شکل دی جاتی ہے تو یہ فلم سازوں کو جدید سہولیات فراہم کرنے، پروڈکشن کے معیار کو بہتر بنانے اور مقامی فلمی صنعت میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

 فلم سٹی جیسے منصوبے نہ صرف فلم سازی کے عمل کو فروغ دے سکتے ہیں بلکہ پاکستان کو ایک بہتر فلم پروڈکشن مرکز بنانے کی سمت بھی اہم پیش رفت ثابت ہو سکتے ہیں۔

تاہم اس کے مثبت نتائج کا انحصار منصوبے پر مؤثر عمل درآمد اور اسے فلمی صنعت کی ضروریات کے مطابق فعال بنانے پر ہوگا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *