فلسطینیوں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں: پاکستان

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی عوام اور ان کے آزادی، وقار اور حق خود ارادیت کے جائز حق کے لیے پاکستان کی اصولی اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں دونوں رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا، یہاں تک کہ وہ اپنے حق خودارادیت کے استعمال اور اپنی آزاد، خودمختار اور جغرافیائی طور پر متصل ریاست میں آزادی، وقار اور پائیدار امن کے ساتھ زندگی گزارنے کے قابل ہو جائیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جامع اور پائیدار امن و استحکام کے لیے اسرائیلی قبضے کا خاتمہ اور مسئلہ فلسطین کا منصفانہ اور دیرپا حل ناگزیر ہے۔

جب کہ صدر آصف علی زرداری نے عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ اور بااثر عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ فلسطینی عوام کی مشکلات ختم کرنے اور ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے قابلِ اعتماد سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے ٹھوس اور بامعنی اقدامات کریں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد فلسطینی ریاست کا قیام جون 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق ہونا چاہیے اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہو۔

فلسطینی عوام سے یکجہتی کا عالمی دن 1978 سے ہر سال 29 نومبر کو منایا جاتا ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 2 دسمبر 1977 کو ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے ہر سال 29 نومبر کو فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا عالمی دن منانے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

اس دن کو منانے کا مقصد فلسطینی عوام کے حق خودارادیت، قومی آزادی، خودمختاری اور اپنے گھروں کو واپسی کے حق کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کرانا ہے۔

اس دن کی مناسبت سے پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی ایک بیان جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں منصفانہ، جامع اور پائیدار امن کا قیام صرف اسرائیلی قبضے کے خاتمے اور فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کرنے سے ہی ممکن ہے۔

پاکستانی دفتر خارجہ سے اتوار کو جاری بیان میں اسحاق ڈار نے فلسطینی کاز کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ محض اظہارِ یکجہتی سے آگے بڑھتے ہوئے فلسطینی عوام کی مشکلات ختم کرنے اور ان کے جائز حقوق کے حصول کے لیے ٹھوس، مربوط اور مسلسل اقدامات کرے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *