’اہم قانون سازی‘ کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس یکم دسمبر سے بلانے کی تجویز

پاکستان کی حکومت نے ’اہم قانون سازی‘ کے لیے یکم سے 24 دسمبر تک قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی تجویز دی ہے۔

یہ بات وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے اتوار کو کہی۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے پر بحث ہو رہی ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

اعلان سے ایک روز قبل ہفتے کو اعلیٰ سطح پر سیاسی مشاورت کے کئی دور ہوئے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکمراں جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کی انتظامی حدود میں ردوبدل کی تجاویز پر اختلافات کے باوجود اپنی اہم اتحادی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کا تعاون حاصل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

طارق فضل چوہدری نے ایکس پر ایک بیان میں کہا ’قومی اسمبلی کا اجلاس یکم دسمبر کو شام پانچ بجے طلب کرنے کے لیے نئی سمری ارسال کر دی گئی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا ’وزیراعظم کی جانب سے سمری کی منظوری کے بعد صدر مملکت اجلاس طلب کریں گے، جو 24 دسمبر تک جاری رہے گا۔‘

ان کا کہنا تھا ’قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اہم قانون سازی کی جائے گی۔ تمام جماعتوں کو قانون سازی کے عمل کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔ اجلاس کے دوران سازگار ماحول برقرار رکھنا حکومت اور اپوزیشن کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔‘

وزیر نے یہ واضح نہیں کیا کہ حکومت کون سے قوانین متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ہفتے کو نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں حکومتی وفد نے اسلام آباد میں پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی تھی، جس میں آئندہ پارلیمانی اجلاس اور ممکنہ قانون سازی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیپلز پارٹی نے حکومت کے قانون سازی کے ایجنڈے کی غیر مشروط حمایت سے انکار کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ ہر مجوزہ بل کا الگ الگ جائزہ لیا جائے گا۔

دوسری جانب صدر آصف علی زرداری نے ہفتے کو لاہور میں وزیر داخلہ محسن نقوی کی رہائش گاہ پر ان سے ملاقات کی۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

وزارت داخلہ کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی صورت حال، بالخصوص امن و امان برقرار رکھنے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نئے صوبوں کے قیام پر بحث میں جولائی میں اس وقت تیزی آئی تھی جب محسن نقوی نے عوامی سطح پر مزید انتظامی یونٹس بنانے کی تجویز پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملک کے موجودہ نظامِ حکمرانی میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔

پاکستان میں چار صوبے ہیں، جن کی آبادی اور جغرافیائی وسعت میں نمایاں فرق ہے۔

چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام کے حامیوں کا مؤقف ہے کہ اس سے طرزِ حکمرانی اور عوامی خدمات کی فراہمی بہتر ہو سکتی ہے، تاہم سندھ میں حکومت کرنے والی پی پی پی صوبے کو تقسیم کرنے کے کسی بھی اقدام کی سخت مخالف ہے۔

نئے صوبے کے قیام کے لیے آئینی ترمیم درکار ہوگی، جس کی منظوری پارلیمان کے دونوں ایوانوں کے کل ارکان کی دو تہائی اکثریت اور متعلقہ صوبے کی اسمبلی کے دو تہائی ارکان کی حمایت سے مشروط ہے۔

نئے صوبوں کے قیام کے بارے میں عوامی رائے جاننے کے لیے ریفرنڈم کرانے کی تجویز کی کئی وفاقی وزرا نے حمایت کی ہے، تاہم پیپلز پارٹی اس کی مخالفت کر رہی ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *