امریکہ اور ایران کے درمیان جاری جنگ اب ایک ‘منجمد تنازع’ بن چکا ہے۔ مسلح تصادم تعطل کا شکار ہے جبکہ کوئی امن معاہدہ بھی طے نہیں پایا ہے۔ بنیادی تنازع بدستور حل طلب ہے اور لڑائی کسی بھی وقت دوبارہ شروع ہو سکتی ہے۔ ہر کسی کے ذہن میں یہ سوال ہے کہ یہ تنازع کس سمت جا رہا ہے۔
کئی اعتبار سے امریکہ اور ایران کی یہ جنگ ایک ‘کیس سٹڈی’ بن گئی ہے۔ اس میں قومی طاقت کے تقریباً ہر حربے کا استعمال دیکھا گیا—معاشی دباؤ اور غلط معلومات کی تشہیر سے لے کر انتہائی خطرناک حد تک کشیدگی بڑھانے اور مسلسل بمباری تک۔ یہ جنگ صرف ایران اور امریکہ تک محدود نہیں تھی۔ اسرائیل بھی اس تنازعے کا ایک فریق تھا؛ درحقیقت امریکہ نے یہ جنگ اسرائیل کی جانب سے ہی لڑی تھی۔
خلیجی ریاستیں بھی اس براہ راست عسکری تصادم کی زد میں آئیں، کیونکہ انہوں نے امریکی فوجی اڈوں کو اپنے ہاں جگہ دی ہوئی تھی، جس کی وجہ سے ان پر ایرانی حملے ہوئے۔ پاکستان سمیت کچھ ممالک نے اس جنگ کو روکنے کی کوششوں میں اپنا کردار ادا کرنے کی گنجائش نکالی، تاہم انہیں صرف محدود کامیابی ہی ملی، کیونکہ فریقین کے موقف میں زمین آسمان کا فرق ہے۔
دوسری طرف تیل اور گیس کی ترسیل میں خلل کے باعث عالمی معیشت دباؤ کا شکار ہے، جس سے دنیا کا تقریباً ہر ملک متاثر ہو رہا ہے۔ یہ جاننے کے لیے کہ یہ ‘منجمد جنگ’ کس طرف جا رہی ہے، فریقین (ریاستی کرداروں) کے نقطہ نظر سے اس جنگ کا جائزہ لینا ہوگا۔
امریکہ کے لیے اس جنگ کا اعلانیہ مقصد یہ یقینی بنانا تھا کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہ کرنے دیے جائیں۔ صدر ٹرمپ کے مختلف بیانات سے ظاہر ہونے والے دیگر مقاصد میں ایران کی موجودہ حکومت کا خاتمہ، ایران کے جوہری اور میزائل پروگرام کی صلاحیتوں کو تباہ کرنا اور ’پراکسیز‘ — جنہیں ایران ’محور مزاحمت‘ کہتا ہے — پر ایران کی گرفت کمزور کرنا شامل تھا، تاکہ ایران اسرائیل یا خلیجی ریاستوں کے لیے کوئی خطرہ نہ بن سکے۔ یہ بات واضح ہے کہ ان میں سے کوئی بھی مقصد حاصل نہیں ہو سکا۔
اس دوران امریکی عوام نے اپنے وسط مدتی انتخابات کے ذریعے واضح طور پر یہ پیغام دیا ہے کہ وہ اس جنگ کو مزید جاری دیکھنا نہیں چاہتے۔ یہاں تک کہ ریپبلکن پارٹی بھی صدر ٹرمپ کو جنگ کا ایک اور دور شروع کرنے کی اجازت نہیں دے گی، کیونکہ اس سے مستقبل کے انتخابات میں ریپبلکنز کی کامیابی کے امکانات کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔
چنانچہ، ٹرمپ انتظامیہ کی حکمت عملی یہ ہے کہ ایران پر سخت معاشی پابندیوں کے ذریعے زیادہ سے زیادہ مالی دباؤ ڈالا جائے اور ساتھ ہی بحری ناکہ بندی بھی برقرار رکھی جائے تاکہ ایرانی بندرگاہوں پر آمد و رفت کو روکا جا سکے اور یہ سب تب تک جاری رہے جب تک کہ ایرانی حکومت گھٹنے نہ ٹیک دے اور ایران کے عوام اس کے خلاف اٹھ کھڑے نہ ہوں۔
ایران، امریکہ اور اسرائیل کی طرف سے مسلط کردہ اس جنگ کو اپنے خلاف کھلی جارحیت سمجھتا ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر اور دیگر کئی اہم شخصیات ماری گئیں۔ میناب میں لڑکیوں کے ایک سکول پر بمباری کی گئی جس میں 168 معصوم بچیوں کی موت ہوئی۔ ہزاروں عمارتیں اور تنصیبات تباہ کر دی گئیں۔ تقریباً ہر بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی کی گئی۔ نہ تو اقوام متحدہ کے اصولوں کا پاس رکھا گیا اور نہ ہی کسی اور کثیر الجہتی فورم کے ضوابط کا احترام کیا گیا۔
ایران بخوبی جانتا تھا کہ اس جنگ کا مقصد موجودہ حکومتی نظام کا تختہ الٹنا تھا اور اس کا جوہری پروگرام محض ایک بہانہ تھا۔ ایران نے 2015 میں ’جوائنٹ کمپری ہینسو پروگرام آف ایکشن‘ پر دستخط کیے تھے، لیکن 2018 میں امریکہ (صدر ٹرمپ کے دور میں) اس معاہدے سے دستبردار ہو گیا۔
ایران نے یہ بھی دیکھا ہے کہ جب بھی فریقین کسی معاہدے کے قریب پہنچے، امریکہ نے مذاکرات ترک کر دیے۔ چنانچہ ایرانی قیادت کو یقین ہے کہ امریکہ کسی امن معاہدے میں دلچسپی نہیں رکھتا بلکہ اس تنازعے میں مکمل فتح حاصل کرنا چاہتا ہے۔ اس صورت حال میں، ایرانی قوم متحد نظر آ رہی ہے اور ایسا لگتا ہے کہ وہ خود کو مغلوب کرنے کی امریکی اور اسرائیلی کوششوں کے خلاف مزاحمت جاری رکھے گی۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جہاں تک اسرائیل کا تعلق ہے، 27 اکتوبر 2026 کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں وزیر اعظم نتن یاہو کا دائیں بازو کا اتحاد واضح اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہا، جس سے ان کے حریف آئزن کوٹ کے حکومت بنانے کا امکان پیدا ہو گیا ہے۔ تل ابیب میں حکومت چاہے کوئی بھی بنائے، اس بات کا امکان کم ہے کہ اسرائیل ایران کے خلاف جنگ کا ایک اور سلسلہ شروع کرے گا، کیونکہ اس کے پاس تنہا ایسی جنگ لڑنے کی صلاحیت نہیں ہے۔
اسے امریکہ کی واضح حمایت درکار ہے، لیکن وسط مدتی انتخابات کے بعد امریکی عوام میں اس جنگ کی انتہائی غیر مقبولیت کی وجہ سے امریکہ کا رجحان اس جانب کم ہو گیا ہے۔ 2023 سے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے کی گئی نسل کشی کے پیش نظر، امریکی عوام — خاص طور پر نوجوان — اسرائیل کے لیے امریکہ کی غیر مشروط حمایت کے سخت ناقد بن چکے ہیں۔
خلیجی ریاستیں اس بات پر شدید مایوس ہیں کہ 1974 کے ’پیٹرو ڈالر‘ معاہدے کے باوجود، امریکہ انہیں تحفظ فراہم کرنے میں ناکام رہا۔ ایک طرح سے، ان ممالک میں موجود امریکی فوجی اڈوں نے ان ریاستوں کو ایرانی حملوں کی زد میں لا کھڑا کیا۔ جہاں متحدہ عرب امارات اسرائیل کے مزید قریب ہو گیا، وہیں سعودی عرب نے تحفظ کے متبادل انتظامات تلاش کرنا شروع کر دیے۔
اس نے سب سے پہلے ستمبر 2025 میں پاکستان کے ساتھ ایک سٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط کیے اور بعد ازاں ’مکہ معاہدے‘ میں شمولیت اختیار کی، جس نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کو مشترکہ دفاع کے لیے یکجا کر دیا۔ امریکہ اور ایران کے درمیان تعطل اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کو درپیش شدید خطرات کے باعث، خلیجی ریاستیں اپنے معاشی مستقبل کے حوالے سے غیر یقینی کا شکار ہیں۔
عمان، قطر اور پاکستان نے جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی حل تلاش کرنے کی کوششیں جاری رکھی ہیں۔ اس سلسلے میں پاکستان کا کردار خاص طور پر قابل ذکر ہے کیونکہ وہ 7 اپریل 2026 کو جنگ بندی کروانے میں کامیاب رہا، اور بعد ازاں 17 جون 2026 کو امریکہ اور ایران کے درمیان ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کروانے میں ثالث کا کردار ادا کیا۔
یہ یادداشت ایک ایسے سمجھوتے کی حیثیت رکھتی تھی جسے امریکہ اور ایران دونوں قبول کر سکتے تھے۔ چونکہ امریکہ میں اس دستاویز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، اس لیے صدر ٹرمپ نے اس معاہدے سے دستبرداری اختیار کر لی اور امن کے لیے کی جانے والی مزید سفارتی کوششوں کو یکسر نظر انداز کر دیا۔ اس وقت، قطر اس تعطل کا شکار تنازعے کا سفارتی حل تلاش کرنے کے لیے ثالثی کی کوششوں میں مصروف ہے۔
یہ دیکھنا اہم ہے کہ یہ تعطل زدہ جنگ کس سمت جا رہی ہے؟
بیشتر مبصرین کا خیال ہے کہ امریکی بحری ناکہ بندی اور اس کے ساتھ وسیع تر معاشی پابندیاں (جنہیں ‘آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ’ کا نام دیا گیا ہے) ایران کی معیشت پر شدید دباؤ ڈال رہی ہیں۔
بڑھتی ہوئی مہنگائی، تیل کی برآمدات میں کمی اور کرنسی کی قدر میں ریکارڈ گراوٹ کے باعث، ایرانی عوام کو زندگی گزارنے کے ناقابل برداشت اخراجات کا سامنا ہے۔
اس صورت حال نے ایرانی حکومت پر سیاسی دباؤ بڑھا دیا ہے کہ وہ امریکی بحری ناکہ بندی کے خلاف کوئی قدم اٹھائے۔ ایران کے صدر کے مطابق نئے سپریم لیڈر نے ہدایت کی ہے کہ ‘نہ جنگ، نہ امن’ کی موجودہ کیفیت مزید برقرار نہیں رہ سکتی اور اس تعطل کو ختم ہونا چاہیے۔
ایرانی حکومت نہیں چاہتی کہ اس کے شہروں میں مہنگائی کے خلاف عوامی احتجاج ہوں، اس لیے بظاہر اس نے ایسی حکمت عملی اپنائی ہے جس کے ذریعے جنگ کے ایک اور دور کو بھڑکائے بغیر امریکی بحری ناکہ بندی کو توڑا جا سکے۔ وہ جانتا ہے کہ جنگ کا ایک اور دور اس کی معاشی صورت حال کو مزید ابتر کر دے گا۔ لہٰذا، ایران امریکہ کے منتخب فوجی اثاثوں اور آبنائے ہرمز سے گزرنے والے کچھ تجارتی جہازوں پر حملے کر رہا ہے۔ اس کا مقصد امریکہ اور عالمی معیشت پر دباؤ بڑھانا ہے، تاکہ صدر ٹرمپ جنگ ختم کرنے اور امن معاہدے تک پہنچنے پر مجبور ہو جائیں۔
فریقین کی جانب سے انتہائی خطرناک حد تک کشیدگی بڑھانے کی پالیسی کے باعث، غلط اندازے یا غلط فہمی کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ امریکہ کا ماننا ہے کہ وقت اس کے حق میں ہے، اور اگر ایرانی بندرگاہوں کی معاشی ناکہ بندی جاری رہی، تو یہ ایرانی حکومت کو جنگ کے ایک اور دور کے بغیر ہی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دے گی۔
تاہم، اگر امریکہ ایرانی ٹینکروں کی آمدورفت میں رکاوٹ ڈالنے کا سلسلہ جاری رکھتا ہے، تو ایرانی حکومت کے لیے امریکہ کے ساتھ محاذ آرائی میں الجھنا، معاشی حالات کی سختی کے باعث پیدا ہونے والے اندرونی نتائج کا سامنا کرنے کی نسبت کم مہنگا ثابت ہو سکتا ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ اگر ایران امریکی بحری ناکہ بندی کو توڑنے کی کوشش کرتا ہے، تو سمندری حدود میں پیش آنے والا کوئی بھی واقعہ ایک بڑی عسکری کشمکش کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔
اس سے پہلے کہ یہ خطہ ایک بار پھر مسلح تصادم کی لپیٹ میں آ جائے، ثالثوں کو اپنی سفارتی کوششیں دگنی کر دینی چاہییں تاکہ امریکہ اور ایران دونوں کو فوجی راستے ترک کرنے پر آمادہ کیا جا سکے۔ امن معاہدے کے بنیادی نکات پہلے ہی موجود ہیں۔ ایران کو اس بات کی ضمانت دینے کے لیے تیار رہنا چاہیے کہ وہ جوہری ہتھیار تیار نہیں کرے گا، اور ساتھ ہی آبنائے ہرمز سے تمام بحری جہازوں اور ٹینکروں کی بلا روک ٹوک آمدورفت کی اجازت دے گا۔
امریکہ کو ایران پر عائد معاشی پابندیاں ہٹانی چاہییں، ایرانی اثاثوں کو منجمد حالت سے نکالنا چاہیے اور اپنی بحری ناکہ بندی ختم کرنی چاہیے۔ امریکہ اور ایران، دونوں کو اس بات پر رضامند ہونا چاہیے کہ وہ براہ راست یا ثالثوں کے ذریعے، مغربی ایشیا میں ایک پائیدار امن معاہدے کے بنیادی نکات پر بات چیت کریں۔
دریں اثنا، ’مکہ معاہدے‘ کے دستخط کنندگان—پاکستان، سعودی عرب اور ترکی—کو چاہیے کہ وہ حوثیوں کو سعودی سرزمین پر حملے کرنے یا تنازع کو باب المندب تک پھیلانے سے روکنے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں۔
مصنف پاکستان کے سابق سیکرٹری خارجہ اور صنوبر انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین ہیں۔ یہ تحریر ان کی رائے پر مبنی ہے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔

