کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے زیرِ استعمال رہائش گاہ کی ملکیت کی منتقلی منسوخ کرتے ہوئے مکان کو سیل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے جبکہ دوسری جانب جے یو آئی کے ترجمان نے دعویٰ کیا ہے کہ فضل الرحمٰن کے بیٹے اسجد محمود کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔
سی ڈی اے کی جانب سے 27 نومبر کو جاری حکم نامے میں کہا گیا کہ متعلقہ گھر کی ملکیت امان اللہ ولد محمد یونس کے نام منتقل کی گئی تھی، جو غیر ملکی شہری ہیں۔
سی ڈی اے نے سرکاری دستاویزات کے حوالے سے کہا: ’سپیشل برانچ کی 22 نومبر 2026 کی رپورٹ، نادرا کی 25 نومبر کی تصدیق اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ آئی سی ٹی و غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی واپسی کے پروگرام کے خطوط کی روشنی میں امان اللہ کو غیر ملکی شہری قرار دیا گیا اور نادرا نے ان کا پاکستانی شناختی کارڈ منسوخ کر دیا۔‘
حکم نامے میں نادرا رپورٹ کے حوالے سے کہا گیا کہ ’امان اللہ کا شناختی کارڈ ان کے والدین کے کارڈز کی بنیاد پر بنایا گیا تھا اور ان کے مرحوم والد محمد یونس کے خاندانی ریکارڈ میں دو مختلف شناختی کارڈ نمبرز کی موجودگی سمیت سنگین بے ضابطگیاں پائی گئیں۔‘
آرڈر میں بتایا گیا کہ فارنرز ایکٹ 1946 کی دفعہ تین اور وفاقی حکومت کے نو ستمبر 1984 کے حکم کے تحت کوئی بھی غیر ملکی شہری حکومت کی تحریری اجازت کے بغیر پاکستان میں جائیداد حاصل نہیں کر سکتا، جبکہ امان اللہ کی جانب سے ایسی کوئی اجازت پیش نہیں کی گئی۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سی ڈی اے نے 25 نومبر 2026 کو امان اللہ کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 26 نومبر کو ممبر سٹیٹ کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی تھی، تاہم مکان پر نوٹس چسپاں کیے جانے کے باوجود وہ پیش نہیں ہوئے اور نہ ہی کوئی شناختی یا قانونی دستاویزات جمع کروائیں۔
جس پر سی ڈی اے نے جائیداد کی منتقلی فوری طور پر منسوخ کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل بلڈنگ اینڈ ہاؤسنگ کنٹرول کو مکان سیل کرنے اور مزید قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔
سی ڈی اے کی کارروائی کے حوالے سے میڈیا کو جاری بیان میں جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے کہا کہ انتظامیہ نے مولانا فضل الرحمٰن کے اہل خانہ کو 30 منٹ کے اندر گھر خالی کرنے پر مجبور کیا، جس کے بعد اہل خانہ وہاں سے روانہ ہو گئے اور مکان کو سیل کر دیا گیا۔
اسلم غوری کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن اس وقت لاہور میں نظر بند ہیں، جبکہ اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ کو پولیس نے گھیرے میں لے کر اندر موجود خواتین اور بچوں کو ہراساں کیا۔
جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ کا گھیراؤ، خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنا حکومتی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔ ترجمان جے یو آئی جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان لاہور میں نظر بند ہیں، جبکہ اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ کا پولیس کی جانب سے گھیراؤ اور گھر میں موجود خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنے کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں۔ اسلم غوری ظلم کی انتہاء یہ ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے اہل خانہ کو مجبور کیا جارہا ہے کہ وہ آدھے گھنٹے میں گھر خالی کردیں ۔اسلم غوری جے یو آئی نے غیر ملکی مہمانوں کی آمد کے احترام میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں احتجاج مؤخر کیا، مگر حکومت نے اس تحمل کا جواب اشتعال انگیزی سے دیا۔ اسلم غوری ہم امن چاہتے ہیں، حکومت تصادم پر کیوں تُلی ہوئی ہے؟ حکمران کس کے اشارے پر حالات خراب کر رہے ہیں؟ حکومت فوری طور پر رہائش گاہ کا گھیراؤ ختم کرے اور خواتین و بچوں کو ہراساں کرنے کا سلسلہ بند کرے۔ بصورتِ دیگر تمام تر حالات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ ظلم کی بھی حد ہوتی ہے، اتنا ہی ظلم کریں جتنا کل خود برداشت کر سکیں! میڈیا سیل جے یو آئی پاکستان
— Jamiat Ulama-e-Islam Pakistan (@juipakofficial) November 28, 2026
انہوں نے مولانا کے بیٹے اسجد محمود کی گرفتاری کا دعویٰ بھی کیا۔
جے یو آئی ترجمان نے شہباز شریف حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’حکومت نے ظلم و جبر کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور یہ قدم حکومتی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’جے یو آئی نے غیر ملکی مہمانوں کی آمد کے احترام میں راولپنڈی اور اسلام آباد میں اپنے احتجاج مؤخر کیے تھے، لیکن حکومت نے اس کا جواب اشتعال انگیزی سے دیا۔‘
جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے مولانا اسجد محمود کو گرفتار کرلیا گیا ۔ترجمان جے یو آئی انتظامیہ نے اہل خانہ کوگھر سے نکال کر اسے سیل کردیا ہے ،اہل خانہ روانہ ہوگئے ۔اسلم غوری ظلم و جبر میں میاں شہباز شریف حکومت نے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں ۔ترجمان جےیوآئی کارکن اشتعال میں نہ آئیں ،صبر وتحمل سے جبر کا مقابلہ کرینگے ۔قائد جمعیت کی کارکنوں کو ہدایت کارکن پارٹی قیادت کی ہدایات کا انتظار کریں۔ ترجمان جےیوآئی
— Jamiat Ulama-e-Islam Pakistan (@juipakofficial) November 28, 2026
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب جے یو آئی اور حکومت کے درمیان کشیدگی جاری ہے۔ مولانا فضل الرحمن کی جانب سے حالیہ دنوں میں حکومت پر اپنے خطابات میں کڑی تنقید کی جاتی رہی ہے۔
اس کے بظاہر نتیجے میں 19 نومبر کو جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور ان کے صاحبزادے مولانا اسجد محمود سے سرکاری سکیورٹی واپس لیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جبکہ جے یو آئی رہنماؤں نے اپنی رہائش گاہوں کے باہر پولیس ناکہ بندی کی شکایت بھی کی تھی۔
بعدازاں 24 نومبر کو پارٹی کے مطابق لاہور میں وکلا سے خطاب سے قبل مولانا فضل الرحمٰن کو ان کے گھر میں ’نظربند‘ کر دیا گیا تھا جبکہ انہیں سرگودھا میں ایک کانفرنس سے خطاب سے بھی روک دیا گیا۔
جس پر مولانا نے اپنے کارکنوں کو ملک بھر میں احتجاج کی کال دی تھی۔
گذشتہ روز نمازِ جمعہ کے بعد کوئٹہ، پشاور، خیبر اور لکی مروت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے، جبکہ جماعت کے ترجمان نے بلوچستان میں پانچ ارکانِ اسمبلی کی نظر بندی اور مختلف اضلاع سے درجنوں رہنماؤں و کارکنوں کی گرفتاری کا دعویٰ بھی کیا تھا۔
