ایرانی ڈرون حملے میں دو اطالوی شہریوں کی موت، ایک پاکستانی زخمی: کویتی حکام

کویت کی وزارت دفاع نے جمعرات کو کہا ہے کہ ملک کی فضائی حدود میں داخل ہونے والے متعدد ڈرونز کا سراغ لگا کر ان سے نمٹا گیا تاہم ایرانی حملے کے نتیجے میں ملبہ گرنے سے دو اطالوی شہری جان سے گئے جب کہ ایک پاکستانی شہری سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔

کویت کی فوج کے سرکاری ترجمان سٹاف کرنل سعود عبدالعزیز العطوان نے ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ ایرانی جارحیت کے دوران ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں گرنے والے ملبے سے چار افراد زخمی ہوئے۔

بیان کے مطابق زخمیوں میں کویت کا ایک شہری، اٹلی کے دو شہری اور پاکستان کا ایک شہری شامل ہیں۔

تاہم بعد میں دونوں اطالوی شہری زخمیوں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

کویتی وزارت دفاع کے ترجمان نے مزید بتایا کہ حملے کے نتیجے میں املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

کویت کی مسلح افواج نے کہا کہ وہ ملک کی خودمختاری کے تحفظ اور سلامتی و استحکام برقرار رکھنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی اور مؤثر انداز میں جاری رکھیں گی۔

بیان میں کہا گیا کہ شہریوں اور ملک میں مقیم غیر ملکیوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے کویت پر ایران کی جارحیت کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سعودی وزارت خارجہ نے ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ ’سعودی عرب برادر ملک کویت میں ایک اہم تنصیب کو نشانہ بنانے والی ایرانی جارحیت کی سخت مذمت اور مخالفت کرتا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد افراد جان سے گئے اور زخمی ہوئے۔‘

دوسری جانب ایران کی فوج نے جمعرات کو کویت میں فضائی دفاعی نظام پر ڈرون حملے کی تردید کی ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ایران کے سرکاری میڈیا کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ ایرانی مسلح افواج کے ترجمان ابوالفضل شکارچی نے کویت پر ایرانی حملے کے الزامات کو مسترد کیا۔

ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران کی مسلح افواج نے خطے میں کوئی فوجی یا جارحانہ کارروائی نہیں کی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *